پاکستان اسلام کا قلعہ، محور اور ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ عمر دین نصیروی

تحریک منہاج القرآن دریا خان کے ناظم عمر دین نصیروی نے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ گورنمنٹ کالج دریا خان کے طلباء سے گفتگو کر تے ہو ئے کہا کہ پاکستان اسلام کا قلعہ، محور اور ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس لیے پاکستان کے خلاف اعلانیہ اور خفیہ سازشیں ہو رہی ہیں۔ دشمن عناصر انتہائی تیکنیک اور مضبوط بنیادوں پر اپنا کام سرانجام دے رہے ہیں۔ ملک و قوم کی بہتری اور خود انحصاری کے لیے خوداعتمادی، اتحاد اور یکجہتی وقت کا اولین تقاضا ہے۔ اب بھی ذمہ دار افراد نے غفلت اور سستی کا مظاہر ہ کیا تو دہشت گردی کا طوفان اس حد تک خطرناک ہو سکتا ہے کہ پھر کنٹرول کرنا مشکل ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کے دشمن جارحانہ اور یارانہ دونوں طریقوں سے اپنے مقاصد پورے کر رہے ہیں۔ قوم کو بامقصد شعور اور ایسا نظام دینا چاہیے جس میں وہ مصروف ہو کر کامیابی اور عروج کی منازل پا سکیں۔ مقروض ہونے میں عروج نہیں بلکہ مصروف ہونے میں کامیابی اورعروج ہے۔ یہ حکومتوں کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ عوام اور قوم و ملت کی پریشانیوں کو دور کرے اور انہیں سکون کی زندگی گزارنے کا ماحول مہیا کرے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بحرانوں کا شکار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عدل و انصاف ہر ایک کے لیے یکساں ہو تو بہت سی بڑی بڑی بیماریوں اور لعنتوں سے قوم کی جان چھوٹ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طبقاتی نظام تعلیم، طبقاتی نظام عدل اور جاگیرداری نظام معیشت نے قوم کو انتشار خیال، کرپشن اور محرومی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی نظام اسلام کو صحیح صورت میں نافذ کر دیا جائے تو عوام کی محرومی اور اضطرابی کیفیت ختم ہو سکتی ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top