ڈاکٹر طاہرالقادری کی باتیں حرف بہ حرف سچ ثابت ہو چکی ہیں۔ احمد نواز انجم

کارکن ایک کروذ نمازیوں کی جماعت کی تیاریاں تیز کر دیں
پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے عہدیداران کے ہنگامی اجلاس سے احمد نواز انجم کا خطاب

تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلیٰ احمد نواز انجم نے کہا ہے کہ جس طرح ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا تھا کہ لانگ مارچ ضرور ہوگا اسی طرح ڈاکٹر طاہرالقادری اب کہہ رہے ہیں کہ جماعت ہوگی اور ضرور ہوگی۔ اس لئے کارکن کرپٹ نظام کی تبدیلی کے لئے ایک کروڑ نمازیوں کی جماعت کے لئے تیار یاں تیز کر دیں۔ وہ پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر عمر ریاض عباسی، فاروق بٹ، غضنفر کھوکھر، ابرار رضا ایڈووکیٹ، شمریز اعوان، جاوید اصغر ججہ اور غلام علی خان موجود تھے۔

احمد نواز انجم نے کہا کہ لانگ مارچ کی اذان ہو چکی اور اب جماعت ہوگی اور ملک سے دقیانوسی نظام کا قلع قمع کر دیا جائے گا۔ انتخابی نتائج نے قوم کے سامنے حقائق کو آشکار کردیا ہے۔ کرپٹ نظام کے ہوتے کبھی تبدیلی نہ آسکے گی یہ عوام پر واضح ہوچکاہے۔ اسلئے پاکستان عوامی تحریک کے کارکن اپنا کام تیز کر دیں۔ نظام کی تبدیلی کیلئے ہردروازہ کھٹکھٹائیں اور ڈاکٹر طاہرالقادری کا پیغام ہر گھر تک پہنچائیں۔ ہم قائداعظم رحمۃ اللہ علیہ کا پاکستان بنا کر دم لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے خفیہ معاہدے کے تحت شرائط پر قرض لے کر عوام سے جینے کاحق بھی چھین لیاگیاہے۔ اشیائے خورد و نوش تک کی قیمتوں کا کنٹرول عالمی مالیاتی اداروں کے پاس چلا گیا ہے۔ پاکستان کی معیشت کو سنبھالا دینے کے لئے ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو آنکھوں میں آنکھیں ڈال کے بات کرسکے اور کسی بڑی سے بڑی طاقت کے سامنےNO کہنے کی صلاحیت رکھتی ہو۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری ملک کے بہترین مفاد میں پالیسی وضع کر سکتے ہیں جس سے عوام کو خوشحال، ملک کو معاشی اور سیاسی طور پر باوقار بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ نظام انتخابات کبھی اہل قیادت کو نظم و نسق سنبھالنے کاموقع نہیں دے گا۔ معاشی استحکام کے لئے ضروری ہے کہ استحصالی اور کرپٹ نظام انتخاب کواس کی جڑوں سمیت سیاست سے باہر پھینکا جائے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top