جماعت کھڑی ہونے کی دیر ہے لٹیرے خاندان خس و خاشاک کی طرح بہہ جائیں گے، ڈاکٹر طاہرالقادری
ملک و قوم کا مقدر اب انتخاب سے نہیں انقلاب سے بدلے گا
انقلاب سے نظام بدلے گا اور حقیقی جمہوریت کا قیام ممکن ہو سکے گا
انتخابات سے صرف حکومتیں بدلتی ہیں، ظالمانہ نظام 66سال سے قوم کو غلامی میں جکڑے ہوئے ہے
پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا سینٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس سے خطاب
پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ دو سو خاندان جمہوریت کی آڑ میں عوام کے حقوق پر شب خون مارتے چلے آ رہے ہیں۔ 2کروڑ نمازیوں کی جماعت کھڑی ہونے کی دیر ہے یہ خاندان دو ہزار بھی ہوئے تو عوامی سیلاب میں خس و خاشاک کی طرح بہہ جائیں گے۔ انتخابات کے ذریعے حکومتیں تو بدلتی ہیں مگر ظالمانہ، استحصالی اور خونخوار نظام جو 66سال سے قوم کو غلامی میں جکڑے ہوئے ہے نہیں بدلتا۔ سیاسی تجزیہ کار، اینکرز، کالم نگار، سیاسی جماعتوں کے رہنماء اور قوم انتخابات سے قبل کے میرے موقف کو درست تسلیم کر رہے ہیں، یہ اخلاقی اعتبار سے تو لائق تحسین ضرور ہے مگر صرف اسکا زبانی اعتراف کر لینے سے قومی نقصان کی تلافی نہیں ہو سکتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کی سینٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر صدر پی اے ٹی شیخ زاہد فیاض، سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور، محمد ارشاد طاہر، بشارت عزیز جسپال، جی ایم ملک، جواد حامد، قاضی فیض الاسلام، میاں زاہد جاوید اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔
ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ کسی حکومت نے بھی عوام کے مفاد میں پالیسیاں نہیں بنائیں اس لئے کہ نظام انتخاب عوام کا بد ترین دشمن ہے جس کے خلاف علم بغاوت بلند کرنا ناگزیر ہو گیا ہے۔ ملک و قوم کا مقدر اب انتخاب سے نہیں انقلاب سے بدلے گا۔ انقلاب سے نظام بدلے گا اور حقیقی جمہوریت کا قیام ممکن ہو سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کا حافطہ کمزور ہے، 3سے 5سال لوٹنے والوں کو گالیاں دیتی ہے مگر الیکشن کے نزدیک اخبارات، ٹی و ی چینلز کی کمپین اور مذہبی و سیاسی جماعتوں کے نعروں سے دھوکا کھا کر پھر انہی طبقات سے امید لگا بیٹھتی ہے جو دھائیوں سے انکا خون چوس رہے ہیں۔ عوامی خوشحالی اور ملکی ترقی نظام کے خلاف بغاوت سے مشروط ہے۔
تبصرہ