شہدائے کربلا نے جو شعور دیا وہ حق کا استعارہ بن کر انسانیت کا سر فخر سے بلند رکھے گا: ڈاکٹر طاہرالقادری

حسنین کریمین رضی اللہ عنہم سے محبت دین مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت ہے، نوجوان حسنین کریمین رضی اللہ عنہم کے نقش قدم پر چلیں۔
خواتین وہ کردار ادا کریں جو سیدہ کائنات فاطمۃ الزہراہ سلام اللہ علیہا اور سیدہ زینب سلام اللہ علیہا نے ادا کیا
امت مسلمہ گروہی وفروعی اختلافات بالائے طاق رکھ کر اتحاد امہ کو فروغ دے
امت مسلمہ اور پاکستانی قوم یزیدی رویوں کے خلاف جہد مسلسل سے ہی عظمت و رفعت سے ہمکنار ہو سکتی ہے
یوم عاشورہ پر قوم کے نام ڈاکٹر طاہرالقادری کاپیغام

پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے یوم عاشورہ پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قوم کو آج یزیدی نظام کے خلاف اٹھنے کا عہد کرنا ہو گا اس سے ملکی استحکام اور خوشحالی دونوں نصیب ہوں گی۔ امت مسلمہ اور پاکستانی قوم یزیدی رویوں کے خلاف جہد مسلسل سے ہی عظمت و رفعت سے ہمکنار ہو سکتی ہے۔ حسینیت کا درس سراپا قربانی بن کر یزیدی رویوں کے خلاف برسر پیکار رہنا اور انسانیت کو امن و سلامتی کا دائمی ماحول دینے کی جدوجہد کرتے رہنا ہے۔ امام حسین رضی اللہ عنہ کی حکمرانی انسانیت کے دلوں پر ہے جو ظلم و جبر اور آمریت کے خلاف اٹھنے کا شعور دیتی ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ کربلا کے ریگزاروں سے حسینیت کے شعورکا جو پودا پھوٹا وہ قیامت تک پوری انسانیت کو دائمی امن، سلامتی، جمہوریت اور انصاف کی چھاؤں دیتا رہے گا۔ شہدائے کربلا نے جو شعور دیا وہ حق کا استعارہ بن کر انسانیت کا سر فخر سے بلند رکھے گا۔ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ نے ہرگز بغاوت نہیں کی نہ مسلح خروج کیا اور نہ ہی کسی مقام پر قبضہ کیا۔ دین کی مٹتی قدروں کو بچانے کیلئے آپ رضی اللہ عنہ پر امن جدوجہد کیلئے نکلے۔ آپ رضی اللہ عنہ کا مقصد مٹتی ہوئی دینی قدروں کو بچانا تھا۔ امام عالی مقام رضی اللہ عنہ کی شہادت نے ثابت کر دیا کہ دین کا نظم سب سے بڑھ کر ہے۔ جنت کے مالک جگر گوشہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم حضرت سیدہ فاطمۃ الزہرہ اور امام حسن و حسین رضی اللہ عنہم ہیں۔ ان مقدس ہستیوں سے بغض و عداوت رکھ کر کوئی جنت کی خوشبو بھی نہ سونگ سکے گا۔ آج بھی ظالم قوتیں اپنی تمام تر حشر سامانیوں کے ساتھ وحدت اسلامی کو پارہ پارہ کر نے کیلئے نئے نئے فتنوں کو جنم دے رہی ہیں۔ مسلکی اور فرقہ ورانہ بنیادوں پر مسلمانان عالم کو تقسیم کر کے تعصبات کی آگ میں جھونکا جا رہا ہے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ آج بھی امت مسلمہ افراتفری اور اضطراب کا شکا رہے۔ اللہ کا دیا سب کچھ ہونے کے باوجوداغیار کے ہاتھوں رسوائیاں سمیٹ رہی ہے۔ امت مسلمہ کو ہوش کے ناخن لیتے ہوئے ایسی راہ کا انتخاب کرنا چاہیے جہاں گروہی، فروعی اختلافات بالائے طاق رکھ کر اتحاد امہ کو فروغ دیا جا سکے۔ اہل بیت کی محبت جزو ایمان ہے، حسنین کریمین رضی اللہ عنہم سے محبت دراصل حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت ہے۔ اپنی زندگیاں ان مقدس ہستیوں کے نقش قدم پر گزاریں۔ ان جیسا تقوی اور پرہیز گاری پیدا کریں۔ خواتین وہ کردار ادا کریں جو سیدہ کائنات فاطمۃ الزہراہ سلام اللہ علیہا اور سیدہ زینب سلام اللہ علیہا نے ادا کیا۔ نوجوان حسنین کریمین رضی اللہ عنہم کے نقش قدم پر چلیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top