عالمی مالیاتی اداروں کے قرض میں اضافہ آئندہ نسلوں کیلئے موجودہ حکمرانوں کا ’’یادگارتحفہ‘‘ ہے

موجودہ حکمرانوں کے انتظار میں سابق حکمرانوں کو برداشت کرنے والے اب سر پکڑ کر بیٹھے ہیں
نا اہل سیاست دانوں نے ملک تباہی کے دھانے پر لاکھڑا کیا، عوامی تحریک پنجاب

پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت عزیز جسپال نے کہا ہے کہ نا م نہاد مقتدر طبقات اور انکے قائدین گلے سڑے عالمی نظام زر کے مہرے بنے ہوئے ہیں ملک کا بچہ بچہ ورلڈ بنک اور آئی ایم ایف جیسے عالمی استحصالی مالیاتی اداروں کا نہ صرف مقروض ہے بلکہ اس قرض میں آئے روز اضافہ بھی ہو رہا ہے جو آئندہ نسلوں کیلئے موجودہ حکمرانوں کا’’یادگارتحفہ‘‘ ثابت ہو گا۔ توانائی کے بحران میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے، حکومت بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ موجودہ حکمرانوں کے انتظار میں سابق حکمرانوں کو برداشت کرنے والے اب سر پکڑ کر بیٹھے ہیں کیونکہ ان ظالم حکمرانوں نے عوام کو جیتے جی نگلنا شروع کر دیا ہے۔ پورے ملک میں دہشت گردی اور بد امنی کا راج ہے۔ وہ گذشتہ روزپاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میںPAT‏پنجاب کی مشاورتی کونسل کے اجلاس میں گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پرفیاض وڑائچ، مشتاق نوناری ایڈووکیٹ، مشتاق احمد، عبد الحفیظ چوہدری بھی موجود تھے۔ بشارت عزیز جسپال نے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک ملک میں حقیقی تبدیلی کیلئے کوشاں ہیں، اس کے کارکن ملک کی بقا اور استحکام کیلئے علمی، فکری، سیاسی اور فلاحی محاذ پر مصروف عمل ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے اس نظریاتی اسلامی ملک کے غریب دشمن نظام سیاست اور معیشت کو تبدیل کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انقلابی جذبے ہمیشہ رکاوٹوں کی دیواریں توڑ کر اپنا راستہ بناتے رہے ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ جذبوں کے دریا اسی سمت رخ کریں گے جس طرف قائد انقلاب ڈاکٹر طاہرالقادری اشارہ کریں گے۔ نا اہل سیاست دانوں نے ملک تباہی کے دھانے پر لاکھڑا کیا، پاکستان کو جس محنت، جذبے اور مہارت کی ضرورت تھی اس کی حامل قیادت کا ہمیشہ فقدان رہا ہے۔ نظام تعلیم افراد اور قوم کی ذہن سازی نظریات اور افکار کی پرورش کرتا ہے، جہالت کے اندھیروں سے قوم کو نکال کرروشنیوں کی شاہراؤں پر گامزن کرتا ہے لیکن آج 21ویں صدی میں پاکستان کے علاوہ شاید ہی دنیا کا کوئی ملک ایسا ہو جس کا کوئی نظام تعلیم ہی نہیں بن سکا ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top