اللہ کے محبوب بندوں کے صدقے میں پاکستان بچا ہوا ہے: ہدایت رسول قادری

مورخہ: 27 مارچ 2015ء

اعمال کی اصلاح کی تدبیر نہ کی تو اللہ کے غفورو رحیم ہونے کی صفت کہیں ہم سے روٹھ نہ جائے
دہشتگردی، بے سکونی، بدامنی، قتل و غارت گری اور دولت کی غیر منصفانہ تقسیم ہمارے معاشرے کی پہچان بن چکی
دارالعلوم نوریہ رضویہ گلبرگ اے میں جمعتہ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب

فیصل آباد() تحریک منہاج القرآن کے ضلعی امیر سید ہدایت رسول قادری نے کہا ہے کہ بطور قوم ہمارے اعمال اللہ کی ناراضگی کا باعث ہیں۔ اس لئے دہشتگردی، بے سکونی، بد امنی، قتل و غارت گری، رزق کی کمیابی، ٹارگٹ کلنگ، بجلی کی قلت اور دولت کی غیر منصفانہ تقسیم ہمارے معاشرے کی پہچان بن چکی ہے۔ لاہور، کراچی اور ملک کے دیگر شہروں میں خون کی ہولی اس بات کی نشانی ہے کہ ہمارے دل پتھروں سے زیادہ سخت ہو چکے ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے دارالعلوم نوریہ رضویہ گلبرگ اے میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ہدایت رسول قادری نے کہا کہ مسلمان تو دوسروں کے جان و مال کا محافظ ہوتا ہے مگر ہمارے اعمال دین مبین کی تعلیمات سے الٹ ہو چکے ہیں اس لئے اللہ کی رحمت ہم پر سایہ فگن نہیں، اللہ کے محبوب بندوں کے صدقے میں پاکستان بچا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بطور قوم ہم نے اپنے اعمال کی اصلاح کی تدبیر نہ کی تو اللہ کے غفور و رحیم ہونے کی صفت کہیں ہم سے روٹھ نہ جائے، اس لئے قوم اجتماعی توبہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ مادیت کے غلبہ نے ہم سے ہمارے عظیم مذہب کی اقدار چھین لی ہیں، اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہماری زندگیوں میں سکون لوٹ آئے تو ہمیں روحانیت کی طرف لوٹنا ہوگا اور معاشرے میں مواخات کے عظیم رویوں کو فروغ دینے کے لئے محنت کرنا ہو گی۔ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد دہشت گردوں کے خلاف نبرد آزما فوجی جوانوں کی کامیابی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top