کنٹونمنٹ بورڈز کے رہائشی عوامی تحریک کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں۔ سہیل عباسی
پاکستان عوامی تحریک راولپنڈی کے میڈیا سیکرٹری اور ممبر انتخابی کمیٹی برائے راولپنڈی و چکلالہ کینٹ بورڈز، سہیل عباسی نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے عوام کے بنیادی حقوق کی بحالی، فرسودہ انتخابی نظام کی اصلاح اور پاکستان کو ایک اسلامی، فلاحی ریاست بنانے کیلئے تاریخ ساز جدوجہد کی۔ بدترین ریاستی ظلم و ستم سے خوفزدہ ہو کر عوام کی اکثریت گھروں سے نہ نکلی مگر ہر ایک نے ان کی کاوشوں کو دل سے سراہا۔ کنٹونمنٹ بورڈز کے رہائشی پاکستان عوامی تحریک کے امیدواروں کو کامیاب بنا کر ہر استحصال سے پاک معاشرے کی تشکیل میں ہمارا ساتھ دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز چکلالہ کینٹ بورڈ وارڈ نمبر 7 سے پاکستان عوامی تحریک کے نامزد امیدوار غلام ربانی کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر راجہ حبیب الرحمان، راجہ ثقلین، راجہ ارشد محمود، تحریک کے مقامی عہدیداروں اور کارکنوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ سہیل عباسی نے مزید کہا کہ آزاد امیدواروں نے ہم سے رابطہ کر کے پاکستان عوامی تحریک کے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑنے کی درخواست کی ہے جس کا حتمی فیصلہ آئندہ چند دنوں میں کر دیا جائے گا۔ بلدیاتی انتخابات جیت کر ڈاکٹر طاہرالقادری کے دس نکاتی ایجنڈے کو مقامی سطح پر نافذ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر انتخابات غیر جماعتی بنیادوں پر ہوئے تو ہم عوامی گروپ کے نام سے حصہ لیں گے۔
تبصرہ