تھر میں معصوم بچوں کی اموات وفاق اور سندھ حکومت کی بے حسی کا شاخسانہ ہے: رانا رب نواز

فیصل آباد(25 جنوری 2016) تحریک منہاج القرآن کے ضلعی ناظم رانارب نوازانجم نے کہا ہے کہ پاکستان میں غذا کی نہیں ہمدرد قیادت کی قلت ہے، ارباب اقتدار کی ترجیحات عوامی ضروریات سے متصادم ہیں، تھرپارکر میں روزانہ علاج اور غذا نہ ہونے کی وجہ سے معصوم بچے موت کی آغوش میں جارہے ہیں جو حکمرانوں کی انسانیت پر سوالیہ نشان ہے، تھر میں ایک ماہ میں 100 بچوں کی ہلاکت صوبائی اور وفاقی حکمران ڈوب مریں، حکمرانوں کے تمام تر دعوؤں کے باوجود تھر میں نہ تو کوئی اچھا ہسپتال بن سکا اور نہ ہی 6 ارب کی لاگت سے بنایا جانے والا فلٹریشن پلانٹ ہی فعال ہو سکا۔ حکمرانوں کو صرف اپنے اقتدار سے غرض ہے، عوام کی زندگی کی انہیں کوئی قدر نہیں، نام نہاد ترقیاتی منصوبوں پر اربوں روپے خرچ کرنے والے سندھ کے صوبائی اور وفاقی حکمران تھر میں بچوں کی اموات کے ذمہ دار ہیں، پالتو بلی لے کر گھومنے والے حکمرانوں کو انسانی بچوں سے اس قدر بیزاری کیوں ہے؟ تھر میں معصوم بچوں کی اموات وفاق اور سندھ حکومت کی بے حسی کا شاخسانہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی پی 61 کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں محمدافضل گل، راناعبدالجبار، محمودالحسن، میاں اسلم، سہیل رفیع، حافظ قمرالزمان، آصف جیلانی، محمد زبیر، ماسٹر اکرام خان، خالد محبوب، قاری امین اور محمد صدیق بھی موجودتھے۔

رب نوازانجم نے کہاکہ پنجاب کے ہسپتالوں میں ایک ایک بستر پر چار چار مریض لیٹے ہوئے ہیں، آلودگی اور گندے پانی کی وجہ سے امراض قلب، ہیپاٹائٹس اور سینے کے امراض میں مبتلا مریض سسک سسک کرمررہے ہیں۔ بچوں کے ہسپتالوں میں روزانہ ننھے فرشتوں کے جنازے اٹھ رہے ہیں۔ ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز کی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ روزانہ درجنوں مریض وینٹی لیٹرز نہ ہونے کے باعث لحد میں اتارے جاتے ہیں۔ نام نہاد خادم اعلیٰ ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے نہیں تھکتے مگر صوبے کے عوام کو ان کی نااہلیوں نے صحت کے بنیادی حق سے محروم کر دیا ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top