ظالم اور اسکے سہولت کاروں کیلئے دنیا و آخرت میں رسوائی ہو گی: فیض الرحمن درانی

اللہ تعالیٰ کی مدد ہمیشہ حق پسند اور عدل و انصاف کو فروغ دینے والوں کے ساتھ ہوتی ہے
ہر شخص خود ظلم کرنے سے بچے اور ظالموں کی راہ میں رکاوٹ بنے، جمعتہ المبارک کے اجتماع سے خطاب

لاہور (15 جولائی 2016) تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کہا ہے کہ حق دار کو اس کا جائز حق دے دینا اور معمولات زندگی میں توازن قائم رکھنا ہی عدل و انصاف ہے۔ اللہ رب العزت اور اس کے پیارے نبی حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے صفاتی ناموں میں سے ایک مشترک نام ’’ الحق‘‘ ہے جس کا مطلب ہے کہ اللہ تعالیٰ اور رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نصرت اور مدد ہمیشہ حق پسند اور عدل و انصاف کو فروغ دینے والوں کے ساتھ ہی ہو گی۔ ظالم اور اس کے سہولت کاروں کیلئے دنیا و آخرت دونوں میں لعنت، پھٹکار اور رسوائی ہو گی۔ وہ جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعتہ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ افسوس آج ہم ایک ایسے معاشرے میں رہ رہے ہیں جہاں انصاف دلوانے کے علمبردار ہی انصاف کی دھجیاں اڑا رہے ہیں۔ فیض الرحمن درانی نے کہا کہ کرپشن، لوٹ کھسوٹ، رشوت، ڈاکہ زنی اور زنا کاری سب ظلم و ناانصافی کی ہی مختلف صورتیں ہیں۔ ملکی سلامتی، معاشرتی امن اور معاشی استحکام کیلئے ضروری ہے کہ ہر شخص انصاف پرور بنے اور اہل عدل کا ساتھ دے۔ انہوں نے کہا کہ ہر شخص کی ذمہ داری ہے کہ خود ظلم کرنے سے بچے اور ظالموں کی راہ میں رکاوٹ بنے۔ اگر ہرانسان عادل ومنصف ہونے کے ساتھ ساتھ انصاف پرور بھی بن جائے تو بہترین اور پرامن معاشرہ تشکیل پا سکتا ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top