منہاج القرآن لاہور کی ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس، ضلعی عہدیداران کی شرکت

مورخہ: 15 مئی 2018ء

نواز شریف قومی مجرم، غداری کامقدمہ چلایا جائے، اجلاس میں مطالبہ
رمضان المبارک شروع ہونے سے قبل ہی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش
رمضان المبارک کو لوڈشیڈنگ فری مہینہ قرار دیا جائے، اجلاس میں مطالبہ
رمضان المبارک میں لاہور کے 500 مقامات پر دروس عرفان القرآن دئیے جائینگے
مہنگائی، لوڈشیڈنگ میں کمی کے حکومتی دعوے رمضان المبارک سے قبل ہی فیل ہو چکے ہیں: حافظ غلام فرید

minhaj ul quran Lahore meeting organizational

لاہور (15 مئی 2018) تحریک منہاج القرآن لاہور کی ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت لاہور کے امیر حافظ غلام فرید نے کی، اجلاس میں پی پی صدور، ناظمین اور منہاج القرآن لاہور کے ضلعی عہدیداران شریک ہوئے، اجلاس میں نااہل نواز شریف کے ریاست کے خلاف بیان پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ نواز شریف قومی مجرم ہے، ان کے خلاف غداری کا مقدمہ قائم کر کے سزا دی جائے۔

اجلاس میں اس بات پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا گیا کہ رمضان المبارک شروع ہونے سے قبل ہی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں 30 سے 50 فیصد تک اضافہ ہو چکا ہے، حکمران مہنگائی کنٹرول کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں، چکن، دودھ، دہی، پھل اور سبزیاں 50 فیصد تک مہنگی ہو چکی ہیں، حکمران ناجائز منافع خوروں کے ہاتھوں رمضان المبارک شروع ہونے سے قبل ہی ناک آؤٹ ہو چکے ہیں، اجلاس میں یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ رمضان المبارک کو لوڈشیڈنگ فری مہینہ قرار دیاجائے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رمضان المبارک میں نماز فجر کے بعد پورے لاہور میں 500 سے زائد مقامات پر دروس عرفان القرآن کا اہتمام کیا جائیگا، دروس قرآن رمضان شریف کے پورے مہینے جاری رہیں گے، منہاج القرآن علماء کونسل کے سکالرز اسلام، رمضان، احسان، ایثار، فضیلت قرآن کے موضوعات پر لیکچرز دیں گے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیر لاہور حافظ غلام فرید نے کہا کہ اسلام، احسان اور ایمان کا فلسفہ سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کیلئے رمضان المبارک انتہائی اہم مہینہ ہے۔ اہلیان لاہور دروس عرفان القرآن میں شرکت کریں اور رحمت اور برکت کے اس مہینے میں زیادہ سے زیادہ نیکیاں سمیٹیں۔

انہوں نے کہا کہ غیر مسلم ممالک بھی روزہ داروں کا احترام کرتے ہیں مگر پنجاب کے حکمرانوں نے عوام دشمنی کی ہر حد پار کر لی ہے۔ رمضان المبارک سے قبل ہی اتوار بازار، سستے بازار اور رمضان بازار حکمرانوں نے منافع خوروں کو ٹھیکے پر دے دئیے ہیں۔ عوام ان بازاروں میں منافع خوروں کے ہاتھوں لٹ رہے ہیں جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب او ان کے وزراء سستی شہرت کیلئے ان سستے بازاروں کے دورے کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ اور مہنگائی میں کمی کے جتنے بھی اعلانات کیے گئے وہ سب رمضان المبارک سے قبل ہی فیل ہو چکے ہیں۔

اجلاس میں اشتیاق حنیف مغل، حفیظ اللہ جاوید، ثناء اللہ خان، میاں حنیف، محمود عزیز، اصغر ساجد، یونس نوشاہی، عبدالحنان طاہر، حاجی فرخ، عمر اعوان، علامہ امداد اللہ شاہ و دیگر بھی شریک ہوئے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top