مقدس ہستیوں کے متعلق توہین آمیز رویہ بیمار ذہنیت کی نشانی ہے : خرم نواز گنڈاپور

مورخہ: 18 اگست 2018ء

گستاخانہ خاکے شائع کرنیوالے عالمی امن اور انسانیت کے دشمن ہیں: سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
اقوام متحدہ، یورپی یونین، او آئی سی، متحدہ ہیومن رائٹس کمیشن خاکوں کی اشاعت روکنے کے لیے مثبت کردار ادا کرے
ذمہ دار ممالک نے اہم اور حساس مسئلے پر ذمہ داری نہ دکھائی تو تہذیبوں کے تصادم سے بچنا ممکن نہیں رہے گا
تحریک منہاج القرآن 24 اگست جمعۃ المبارک کو یوم عظمت مصطفیﷺ کے طور پر منائے گی
صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نیک، صالح، ایماندار، محبت وطن اور اصول پرست انسان تھے: علامہ غلام مرتضی علوی، جی ایم ملک
صاحبزادہ فیض الرحمن درانی ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے قریبی ساتھی اور منہاج القرآن کے بانیان میں شامل ہیں

لاہور (18 اگست 2018ء) ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ اسلام انسانیت کو سلامتی اور امن دینے والامذہب ہے۔ گستاخانہ خاکے شائع کر کے دنیا کے امن سے کھیلنے والے انسانیت، عالمی امن کے مجرم اور دہشتگردہیں۔ مقدس ہستیوں کے متعلق توہین آمیز رویہ نظریاتی فکری دہشتگردی اور بیمار ذہنیت کی عکاس ہے، کوئی بھی ذہنی طور پر متوازن شخص اس قسم کی قبیح حرکت کا مرتکب نہیں ہو سکتا۔ ایسے بیماروں اور عالمی امن کے دشمنوں سے دنیا کو پاک کرنا ہو گا یہی وہ عناصر ہیں جو بین المذاہب تصادم اور دنیا کے امن سے کھیل رہے ہیں۔ اقوام متحدہ، او آئی سی، متحدہ ہیومن رائٹس کمیشن، یورپی یونین موثر عالمی ممالک اور ہالینڈ کے حکمرانوں کو توہین آمیز خاکوں کی اشاعت روکنے کیلئے فوری اور مثبت کردار ادا کرنا ہوگا تا کہ عالمی امن برقرار رہے اور انتشار اور تصادم کا ماحول پیدا نہ ہو۔

اگر ذمہ دار ممالک نے اس انتہائی اہم اور حساس مسئلے پر ذمہ داری نہ دکھائی تو تہذیبوں کے تصادم سے بچنا ممکن نہیں رہے گا۔ توہین رسالت آزادی اظہار نہیں بلکہ ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے بنیادی حق سے انحراف ہے۔ محسن انسانیت حضور اکرم ﷺ سے محبت مسلمانوں کے ایمان کا حصہ ہے۔ اسلام دین امن ہے، مسلمان پر امن قوم ہے، توہین آمیز خاکوں جیسے مذموم عمل سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہو رہے ہیں، اس سے قبل کہ مسلمانوں کے صبر و تحمل کا پیمانہ لبریز ہو جائے دنیا کے مؤثر ممالک کو عالمی امن برقرار رکھنے کیلئے کردار اداکرنا ہو گا۔ اقوام متحدہ مقدس ہستیوں، توہین مذاہب کے خلاف کسی بھی قسم کے گستاخانہ مواد کی اشاعت کو قابل تعزیر جرم ٹھہرائے اور اسے حقیقی معنوں میں نافذ کرے۔

وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر معروف علمی و روحانی شخصیت صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی (مرحوم) کی پہلی برسی کے موقع پر منعقدہ دعائیہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے، اس موقع پر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی کے داماد پیر قطب الدین فریدی کے بیٹے پیر غلام نصیر الدین چشتی، ان کے بھائی عطاء الرحمن درانی، مرحوم کے صاحبزادگان حفیظ الرحمن درانی، حضرت الرحمن درانی، محمد بدر منیر درانی، مطیع الرحمن درانی، ناظم امور خارجہ منہاج القرآن جی ایم ملک، رانا فیاض، ناظم تربیت علامہ ڈاکٹر غلام مرتضی علوی، جواد حامد، علامہ میر آصف اکبر، شہزاد رسول، سہیل رضا اور تحریک منہاج القرآن وعوامی تحریک کے دیگر مرکزی و صوبائی وضلعی رہنما موجود تھے۔

خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ مسلمان، اسلام اور پیغمبر اسلام کے خلاف دشنام طرازی اور غیر اخلاقی مواد کی اشاعت ہر گز ہرگز برداشت نہیں کر سکتے۔ تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک 24 اگست بروز جمعۃ المبارک کو پیغمبر امن کی شان کے خلاف توہین آمیز خاکے شائع کرنیوالے دہشتگردوں اور انسانیت کے بد ترین مجرموں کے خلاف پاکستان سمیت پوری دنیا میں یوم عظمت مصطفی ﷺ منائے گی۔

تحریک منہاج القرآن علماء کونسل، منہاج القرآن یوتھ لیگ، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ، منہاج القرآن ویمن لیگ، یوتھ لیگ کی اپیل پر 24 اگست کو علمائے کرام اپنی اپنی مساجد میں عظمت مصطفی ﷺ کے عنوان سے خطابات کریں گے، امت مسلمہ محسن انسانیت حضور اکرم ﷺ پر درود و سلام پڑھ کر پوری دنیا کو ان سے محبت اور وفاداری کا بھرپور پیغام دے گی۔

ناظم تربیت تحریک منہاج القرآن علامہ غلام مرتضی علوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ صاحبزادہ فیض الرحمن درانی کی دینی، علمی، سماجی اور سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، مرحوم سچے عاشق رسول، نیک صالح اور محب وطن انسان تھے، صاحبزادہ فیض الرحمن درانی کو ایماندار محب وطن، علمی اور اصول پرست شخصیت کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔ مرحوم علم دوست، خدا ترس، پرہیز گار انسان تھے۔

ناظم امور خارجہ جی ایم ملک نے کہا صاحبزادہ فیض الرحمن درانی شفیق اور ملنسار انسان تھے۔ تحریک منہاج القرآن کے لیے ان کی خدمات اور کاوشوں کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔ صاحبزادہ فیض الرحمن درانی ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے قریبی ساتھی اور منہاج القرآن کے بانیان میں شامل ہیں۔

تقریب میں شریک منہاج القرآن اور عوامی تحریک کے رہنماؤں نے مرحوم مغفرت اور بلندی درجات کے لیے دعا کی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top