ولی خالق اور مخلوق کے قریب ترین ہوتا ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

صوفیاء کرام نے علم ظاہر و باطن کے حصول میں زندگیاں وقف کیں
اولیاء اللہ کی درگاہوں سے متلاشیانِ حق کو علم کا نور اور رشد و ہدایت نصیب ہوتی ہے
قرآن کریم میں لفظ ولی 238 مرتبہ استعمال ہوا ہے: چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل
چشتیہ آباد کامونکی شریف میں خواجگانِ چشت کے 99ویں سالانہ عُرس مبارک کی تقریب سے خطاب

Dr Hassan Qadri addressing Urs ceremony in Kamoke sharif

لاہور (22 اکتوبر 2022) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ اللہ کے ولی اللہ اور اس کی مخلوق دونوں کے انتہائی قریب ہوتے ہیں۔ صوفیائے کرام اپنے اعلیٰ اخلاق، روحانی تربیت، اتباعِ قرآن و سنت اور معرفتِ الٰہی کی وجہ سے حیاتِ ظاہری میں رشد و ہدایت کا مظہر ہوتے ہیں۔ اسی طرح دنیا سے پردہ فرما جانے کے بعد ان کے مراقد مرجع خلائق بن جاتے ہیں۔ صوفیاء کی درگاہوں سے متلاشیانِ حق کو علم کا نور اور رشد و ہدایت نصیب ہوتی ہے۔ قرآن کریم میں لفظ ولی 238 مرتبہ استعمال ہوا ہے۔ صوفیائے کرام نے اپنی زندگیاں خدمتِ اِنسانیت میں صرف کیں تاکہ معاشرے کو اَخلاقی، مذہبی، سیاسی اور معاشرتی برائیوں سے نجات دلا سکیں۔ صوفیاء کرام نے علم ظاہر و باطن کے حصول میں زندگیاں وقف کیں۔ ساری زندگی علم و عمل اور شریعت و طریقت پر نہ صرف خود گامزن رہے بلکہ لوگوں کو بھی شریعت و طریقت کا راستہ دکھایا۔ ہمیں بزرگانِ دین کی زندگیوں سے سبق سیکھتے ہوئے اپنی زندگیوں کو اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے دین کے لیے وقف کرنا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آستانہ عالیہ چشتیہ آباد کامونکی شریف میں حضرت سیدنا امامِ حسین علیہ السلام و خواجگانِ چشت کے 99ویں سالانہ عُرس مبارک کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوفیاء ہمیں اللہ رب العزت کے راستے پر چلاتے ہیں۔ وہ ہمیں ظلمت سے نور کی طرف لے کر جاتے ہیں۔ صوفیائے کرام کے پاس مادیت، دنیا و مافیا، جھوٹ، حسد و عناد، شہواتِ نفسانی نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کی معیت، دوستی اور محبت ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ صوفیاء کرام کے مقام و مرتبہ اور علم تصوف کی حقیقت و تعلیمات کو سمجھا جائے۔ علم تصوف اسلامی تعلیمات کے مطابق زندگی بسر کرنے کا نام ہے اور یہی تقاضائے دین اور تقاضائے اسلام ہے۔

عُرس مُبارک کی تقریب سے پیر سید طیب حسین گیلانی (سجادہ نشین آستانہ عالیہ پیر سید جماعت علی شاہ مصطفیٰ نگر فیصل آباد)، پروفیسر ڈاکٹر محمد آصف ہزاروی (پرنسپل گورنمنٹ مولانا ظفر علی خاں کالج وزیر آباد) اور پروفیسر عبدالرحمن جامی نے بھی خطاب کیا۔

تقریب میں پیر سید محمد خلیل الرحمن چشتی، پیر ڈاکٹر جمیل الرحمن چشتی، صاحبزادہ احمد مسعود دیوان فاروقی چشتی (ولی عہد آستانہ عالیہ حضرت بابا فرید گنج شکر علیہ رحمۃ)، صاحبزادہ دیوان عظمت محمود فاروقی چشتی (سجادہ نشین دربار عالیہ حسن والا شریف بہاولنگر)، پیر ڈاکٹر شمیم صابر صابری (آستانہ عالیہ کلس شریف سرگودھا)، پیر سید حسنین محبوب گیلانی قادری (سرپرست اعلیٰ نعت کونسل انٹرنیشنل)، نور اللہ صدیقی، میاں ریحان مقبول، محمد اقبال مصطفوی، رانا نذیر احمد خان، چوہدری احسان اللہ ورک سمیت تحریک منہاج القرآن کے مرکزی، صوبائی و ضلعی قائدین، کارکنان اور عقیدت مندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا آستانہ عالیہ چشتیہ آباد کامونکی شریف پہنچنے پر پُرتپاک استقبال کیا گیا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top