قومیں ایٹم بموں سے نہیں، میرٹ کی پامالی سے تباہ ہوتی ہیں: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

مورخہ: 09 مئی 2026ء

عدل، اہلیت اور دیانت پر قائم معاشرے کبھی زوال پذیر نہیں ہوتے: چیئرمین سپریم کونسل
اہل افراد کی جگہ نا اہل کو عہدے دینا اجتماعی تباہی کو دعوت دینا ہے: فکری نشست سے خطاب

Dr Hassan Mohi ud Din Qadri Chairman Supreme Council MQI

لاہور (9 مئی 2026) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے ایک فکری نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومیں ایٹم بموں اور بیلسٹک میزائلوں کے حملوں سے نہیں بلکہ میرٹ کی خلاف ورزی، اقرباء پروری اور عدل کے برعکس فیصلوں سے تباہ ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایٹم بم سے کوئی قوم تباہ ہوتی تو آج جاپان دنیا کے نقشے پر موجود نہ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ جو معاشرے عدل، میرٹ، اہلیت اور دیانت کو ترجیح دیتے ہیں وہ کبھی زوال پذیر نہیں ہوتے اور نہ ہی غربت ان کا مقدر بنتی ہے۔ اسلام نے اجتماعی زندگی کے ہر شعبے میں اہلیت اور انصاف کی بنیاد پر فیصلے کرنے کی تعلیم دی ہے۔ قرآن و سنت میں بارہا اس امر پر زور دیا گیا ہے کہ ذمہ داریاں انہی افراد کے سپرد کی جائیں جو ان کے اہل ہوں۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ جب عہدے، ملازمتیں اور اہم ذمہ داریاں سفارش، تعلق داری یا ذاتی پسند و ناپسند کی بنیاد پر تقسیم کی جائیں تو معاشرے میں ناانصافی، بدعنوانی اور محرومی جنم لیتی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں واضح حکم دیا کہ “امانتیں اہل لوگوں کے سپرد کرو”، اور یہی اصول ایک مضبوط، منصفانہ اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات کے مطابق میرٹ صرف دنیاوی ترقی کا ذریعہ نہیں بلکہ ایک اخلاقی، سماجی اور دینی فریضہ بھی ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ نے فرمایا کہ جب نااہل لوگوں کو ذمہ داریاں دی جائیں تو تباہی کا انتظار کرو۔ اس فرمانِ نبوی ﷺ سے واضح ہوتا ہے کہ اسلام ایک ایسے معاشرے کی تشکیل چاہتا ہے جہاں انصاف، قابلیت اور دیانت کو بنیادی حیثیت حاصل ہو۔ چیئرمین سپریم کونسل نے کہا کہ میرٹ پر قائم نظام اداروں کو مضبوط، عوام کے اعتماد کو بحال اور اجتماعی خوشحالی کو یقینی بناتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کی ترقی، استحکام اور قومی وقار کے لیے ضروری ہے کہ ہر سطح پر انصاف،شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top