منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کی نیشنل ایگزیکٹو کونسل کا سہ ماہی اجلاس

منہا ج القرآن انٹرنیشنل جاپان کی مرکزی تنظیم کے صدر سید عثمان شاہ بخاری کی صدارت میں مورخہ 29 اپریل 2012ء کو جاپان بھر کی تنظیمات کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ناگویا، شیزوکاکین، اباراکی کین،گما کین کی تنظیمات کے صدور وناظمین اور ناظم مالیات کے علاوہ مرکزی تنظیم کے جملہ عہدیداران نے شرکت کی، جبکہ علامہ محمد شکیل ثانی ڈائریکٹر منہاج القرآن اسلامک سنٹر اباراکی کین جاپان بطو ر مبصر شریک ہوئے۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت صدر جاپان سید عثمان شاہ بخاری نے حاصل کی، علامہ محمد شکیل ثانی نے گوشہ درود میں پڑھے جانے والے درود پاک کا ورد کرایا۔ سید عثمان شاہ بخاری نے تما م حاضرین سے تعارفی نشست کی اور جملہ شرکاء کی طرف سے پابندی وقت پر شکریہ ادا کیا۔ اجلاس میں علامہ محمد شکیل ثانی کی بطور ڈائریکٹر منہاج القرآن اسلامک سنٹر اباراکی کین جاپان تقرری پر انہیں مبارکباد پیش کی گئی۔ ناظم جاپان محمد اعجاز رمضان کیانی نے اجلاس کو آگے بڑھانے کے لئے کارروائی کا آغاز کیا۔

محمد اعجاز رمضان کیانی نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا خصوصا اباراکی کے صدر محمد ایاز اور NPO جاپان کے صدر صالح محمد افغانی کا جنہوں نے اجلاس کے جملہ انتظامات کئے۔ایجنڈے کے پہلے پوائنٹ پر سیر حاصل گفتگوہوئی کہ اباراکی مرکز کی جلد تعمیر شروع کی جائے، جس پر تمام حاضرین نے اپنی اپنی تجاویز دیں اور تعمیراتی کمیٹی بنانے پر اتفاق ہوا جبکہ تعمیراتی کمیٹی کے سربراہ کا فیصلہ جاپان کی شوریٰ کے اجلاس میں کیا جائےگا۔ ناظم امور خارجہ راجہ جمیل اجمل کی طرف سے ایشیائی ممالک کے لئے میٹنگ کا طریقہ کار کا سرکلر پڑھ کر سنایاگیا جس پر سب نے اتفاق رائے سے عمل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

ناگویا مرکز کی رجسٹریشن کے حوالہ سے NPO کے صدر صالح محمد افغانی نے یقین دہانی کرائی کہ انشاء اللہ یہ کام 25 مئی 2012ء تک مکمل ہوجائے گا، ممبر سازی میں خاطر خواہ اضافہ کے لئے عوام الناس کو ترغیب دینے کی ذمہ داری علامہ محمد شکیل ثانی کو دی گئی۔ صالح محمد افغانی نے مرکزی تنظیم کا شکریہ ادا کیا اور علامہ محمد شکیل ثانی نے آخر پر خصوصی بریفنگ دی اور حالیہ ورکرز کنونشن میں حضور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی طرف سے اپنی آمدنی کا ایک فیصد حصہ دینے والا حکم پہنچایا۔; اجلاس کا اختتام دعائے خیرسے ہوا۔

رپورٹ: سید عثمان شاہ بخاری،محمد اعجاز رمضان کیانی

تبصرہ

Top