منہاج القرآن انٹرنیشنل چیباکین (جاپان) کی مسجد شروئی میں معراج النبی (ص) کانفرنس

مورخہ: 16 جون 2012ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے ذیلی یونٹ چیباکین کے زیرانتظام مسجد شروئی (دیوبندی مکتبہ فکر کا عظیم مرکز) میں مورخہ 16 جون 2012 ء کو معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس منعقد ہوئی۔ جس میں اباراکی کین سے انعام الحق، ایاز محمود، عمران بیگ، امانت علی گوندل، محمد حنیف مغل، حاجی محمد یونس، مظہر حسین، محمد یٰسین بٹ اور علامہ محمد شکیل ثانی نے خصوصی شرکت کی۔ محمد سکندر، امجد علی اور محمد رفیع نے قافلوں کی صورت میں کانفرنس میں شریک ہونے والے احباب کا استقبال کیا جبکہ کانفرنس کے منتظم ایوب خان تھے۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت امام مسجد عبدالرزاق (سری لنکا) نے حاصل کی جبکہ جاپانی النسل موری شاہ ویز حیدر نے بھی تلاوت کا شرف حاصل کیا۔ حافظ ذوالقرنین نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کی جبکہ نقابت کے فرائض اسلامک سرکل آف جاپان چیباکین کے امیر راجہ محمد امتیاز نے انجام دیئے۔

منہاج القرآن اسلامک سنٹر اباراکی کین کے ڈائریکٹر علامہ محمد شکیل ثانی نے معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر انتہائی مدلل اور خوبصورت خطاب فرمایا۔ انہوں نے مولانا محمد زکریا رحمۃ اللہ علیہ کی مشہور کتاب فضائل اعمال سے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود پاک پڑھنے کی فضیلت بیان کی اور معراج کی رات سیدنا موسیٰ علیہ السلام کے مزار پر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا جانا اور حضرت موسیٰ علیہ السلام کا قبر میں کھڑے ہوکر درود پاک پڑھنا بھی محبت کی عکاسی کرتا ہے۔ براق کی سواری، جبرئیل کا آنا، ستر ہزار فرشتوں کی سلامی، ہر آسمان پر انبیاء کا استقبال کرنا سب محبت کی علامات ہیں۔ اللہ رب العزت نے اپنے پیارے حبیب کو اس سفر محبت اور ملاقات محبت کا یادگار تحفہ نماز عطا کی اور یوں نماز مومن کی معراج بن گئی۔ پروگرام کا اختتام دعائے خیر سے ہوا اور لنگر تقسیم کیا گیا۔

رپورٹ: اعجاز رمضان کیانی

تبصرہ

Top