منہاج القرآن انٹرنیشنل (ناگویا، جاپان) کے زیر اہتمام عظمت سیدہ فاطمۃ الزھرہ رضی اللہ عنھا کانفرنس

منہاج القرآن انٹرنیشنل (ناگویا، جاپان) کے زیراہتمام مورخہ 23 جولائی 2102ء کو سیدہ فاطمۃ الزھرہ رضی اللہ عنھا کانفرنس کا انعقاد ہوا جس کی صدارت سید عثمان شاہ بخاری (صدر منہاج القرآن جاپان) نے کی جبکہ علی عمران (صدر منہاج ایشیئن کونسل) اور اعجاز رمضان کیانی (ناظم منہاج القرآن جاپان) مہمان خصوصی تھے۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ عبدالمصطفیٰ شاہین نے حاصل کی۔ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت جاپان کے مشہور نعت خوان محمد جاوید سجن نے حاصل کی۔ لاہور مرکز سے تشریف لائے نوجوان سکالر علامہ حافظ محمد طیب نے سیدہ کائنات فاطمۃ الزہرہ رضی اللہ عنھا کی عظمت پر سیر حاصل گفتگو کی، انہوں نے کہا کہ سیدہ عالمین صرف دنیا کی سردار نہیں بلکہ آخرت میں بھی جنتی عورتوں کی سردار ہوں گی۔ یہ سرداری انہیں ورثے میں ملی ہے کیونکہ وہ کل کائنات کے رسولوں کے سردار محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بیٹی ہیں، ان کے شوہر کل ولیوں کے امام ہیں، ان کے بیٹے جنتی نوجوانوں کے سردار ہیں اور وہ خود جنتی خواتین کی سردار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیدہ کائنات کی سیرت آج کی عورتوں کے لئے نمونہ کامل ہے۔ اگر ہم چاہتے ہیں کہ معاشرے سے فحاشی وعریانی کا خاتمہ ہوجائے تو آج کی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو سیدہ کائنات کی سیرت پر چلنا ہوگا۔ پروگرام کے اختتام پر درودوسلام پڑھا گیا۔ سید عثمان شاہ بخاری نے خصوصی دعا کرائی جس کے بعد جملہ شرکاء کو لنگر پیش کیا گیا۔

رپورٹ: اعجاز رمضان کیانی

تبصرہ

Top