جاپان: عمل نیک ہو اور نیت میں اخلاص نہ ہو تو اسے منافقت کہتے ہیں: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

مورخہ: 07 مئی 2013ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل کے دوسرے بڑے مرکز جامع المصطفی ناگویا جاپان میں عظیم الشان محفل ذکر مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منعقد کی گئی جس کی صدارت الشیخ نعمت اللہ (ترکی) نے کی جبکہ مہمان خصوصی ڈاکٹر حسن محی الدین قادری ( صدر سپریم کونسل) تھے۔

پروگرام کی نقابت کے فرائض علی عمران ( صدر ایشیئن کونسل) اور علامہ شکیل ثانی نے ادا کئے۔ ترکی سے آئے مہمان قراء نے تلاوت کلام پاک سے قلوب کو منور کیا۔ منہاج نعت کونسل جاپان کے صدر محمد جاوید سجن نے آقاء دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کی۔صدر سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کارکنوں سے تربیتی اور تحریکی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی عمل کرو للہیت کے لئے کرو۔اللہ اور رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رضا اگر سامنے ہو تو عمل مقبول ہوتا ہے۔ عمل جتنا بھی نیک ہو اگر نیت ٹھیک نہ ہو تو یہ عمل منافقت ہے جو مومن کا وطیر ہ نہیں ہے۔ منہاج القرآن خالصیت کی تحریک ہے اس میں منافقت کا کوئی عمل شامل نہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی ساری زندگی اخلاص پر مبنی ہے یہی وجہ ہے کہ آج دنیاکے 90 ممالک میں مشن کا پیغام پہنچ گیا ہے۔ جاپان میں بسنے والے مسلمانوں کو اپنے عمل میں اخلاص پیدا کر کے اسلام کا پیغام عام کرنا ہوگا۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ جاپان کو یہ میرا پہلا دورہ ہے جب آئندہ آؤں گا اور آپ کی محنت دیکھوں گا، دن رات ایک کردیں اور وقت ضائع کئے بغیر اسلام کی سچی نوکری کریں۔ انہوں نے پروگرام کے بعد کارکنوں سے الگ نشست بھی فرمائی۔ اجلاس میں سوال وجواب کی نشست کے بعد علی عمران کو NPO کا نیا صدر وڈائریکٹر مقرر ہونے پر مبارکباد دی گئی۔

رپورٹ: اصغر علی بھنڈر

تبصرہ

Top