غربت ختم نہ ہوئی تو معاشرے سے اسلام اور پاکستانیت رخصت ہو جائے گی : فیض الرحمٰن درانی

مورخہ: 02 مئی 2010ء

پٹرول کی قیمت میں اضافہ حکومت کی غریب کُش پالیسی کا تسلسل ہے
مزدور کی تنخواہ 7ہزار کرنا پلو جھاڑنے کے مترادف ہے
کم سے کم تنخواہ 15 ہزار مقرر کی جائے، حکومت غربت کے خاتمے کے لئے ٹھوس پالیسی بنائے
مرکزی صدر پاکستان عوامی تحریک فیض الرحمٰن درانی کی سول سوسائٹی کے وفد سے گفتگو

پٹرول کی قیمت میں حالیہ اضافہ حکومت کی غریب کُش پالیسی کا تسلسل ہے جو عوام کیلئے ناقابل برداشت ہو گئی ہے۔ حکومت نے مزدور کی تنخواہ سات ہزار کر کے اپنا پلو جھاڑنے کی ناکام کوشش کی ہے۔ غریب کے لئے اتنی تنخواہ میں جسم و روح کا تعلق قائم رکھنا بھی محال ہے، وہ گھر کا کرایہ، بچوں کی فیس، اور دیگر ضروریات کہاں سے پوری کرے گا۔ اسلئے مزدور کی کم از کم تنخواہ 15 ہزار کرنا ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر فیض الرحمٰن درانی نے پشاور سے آئے ہوئے سول سوسائٹی کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمت میں اضافہ غریب کی پشت میں چھُرا گونپنے کے مترادف ہے۔ حکومت کی پالیسی کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کاغذوں کے بجائے غریب کا پیٹ بھرنے کی پالیسی بنائے ورنہ غربت و افلاس عوام کے ایمان کو دیمک کی طرح چاٹ جائے گی۔ اور اسلامی اقدار معاشرے سے رخصت ہو کر ایسے معاشرے کو جنم دیں گی جسمیں نہ اسلام ہو گا نہ پاکستانیت۔ فیض الرحمٰن درانی نے کہا کہ ملکی معیشت کو درست خطوط پر استوار کر کے اسکے اثرات غریب عوام تک منتقل کرنا ہونگے ورنہ آنے والے چند سالوں میں ایسا طوفان اٹھے گا جسمیں مقتدر طبقہ تنکوں کی طرح اڑ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امیر و غریب میں بڑھتی خلیج ملک کو سیاسی اور معاشی طور پر تیزی سے کمزوری کر رہی ہے۔ حکومت عوام کی خوشحالی کیلئے ٹھوس پالیسیوں کی تشکیل کر کے اس پر عمل درآمد کو یقینی بنائے تاکہ ملک سے غربت کے خاتمے کی راہ ہموار ہو سکے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top