مہنگائی اور بے روزگاری کے جہنم میں عوام جل رہے ہیں، بے گناہوں کا قتل عام ہو رہا ہے : ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

مورخہ: 02 جون 2010ء

امت اپنے زوال کو عروج میں بدلنا چاہتی ہے تو اللہ کی خشیت میں رونا ہو گا
ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے نوجوانوں سے کینڈا سے گفتگو

رب کی ذات سے ہمارا تعلق کٹ گیا ہے اور امت مسلمہ کی زندگیاں مجموعی طور پر اللہ کی بندگی سے خالی ہو چکی ہیں۔ 17 کروڑ کے ملک میں کتنے ہیں جو اللہ کی رحمت کے طلبگار ہیں۔ کتنے نوجوان بچے بچیاں ہیں جنہوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کو اپنا آئیڈل بنا ر کھا ہے ہمارے دل پتھروں سے سخت اور دل کے چشمے خشک ہو گئے۔ آنکھوں نے اللہ کی یاد میں رونا ترک کر دیا اس لیے قوم کو اجتماعی سطح پر توبہ کرنی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے نوجوانوں سے کینڈا سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی قائدین بلال مصطفوی، ساجد گوندل، امجد حسین جٹ اور ظہیر عباس گجر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعی توبہ اور روش تبدیل کرنے سے حالات بدل سکتے ہیں، لالچ، حسد و تکبر سے منہ موڑنا ہو گا اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع اور محبت رسول سے بیداری شعور پیدا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی آٹا کمیاب ہے، مہنگائی اور بے روزگاری کے جہنم میں عوام جل رہے ہیں، بے گناہوں کا قتل عام ہو رہا ہے پورا عالم اسلام غلامی کی زنجیروں میں جکڑا جا چکا ہے۔ تباہی اور بربادی مسلط کر دی گئی ہے۔ آج مسلمانو ں کو مسلمانوں سے بیگانہ کیا جا رہا ہے۔ آقا علیہ السلام کے تعلق کو جڑ سے کاٹنے کی مذموم کوششیں ہورہی ہیں۔ ان حالات میں امت مسلمہ کو اجتماعی توبہ کرنا ہو گی۔ پاکستانی قوم کو بھی تائب ہونا ہوگا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ آج امت خدا ور مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کامل تعلق استوار کر لے تو ہر قسم کے عذاب سے چھٹکارا مل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو بندہ اللہ کی یاد سے محروم رہتا ہے وہ اللہ کو نہیں بھلاتا حقیقت میں اللہ اسے بھول جاتا ہے۔ اللہ کے خوف میں رونے سے بہتر کوئی عمل نہیں۔ جو زندگی میں رو لیتے ہیں وہ قیامت کو مسکرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی آنکھ اس وقت تک نہیں روتی جب تک اللہ کا فضل اسے نصیب نہ ہو۔ آج امت اپنے زوال کو عروج میں بدلنا چاہتی ہے تو اللہ کی خشیت میں رونا ہو گا، آنسو بہانا ہونگے۔ اللہ کو منانا ہو گا، اپنے اعمال کا محاسبہ اور درستگی کرنا ہو گی۔ امت کے پاس اللہ کو منانے کا اور کوئی راستہ نہیں ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top