18 دسمبر کی بیداری شعور عوامی ریلی سیاست میں نئے رجحان کو جنم دے گی

ڈاکٹر طاہر القادری لیاقت باغ ریلی میں عوام کو ان کے اصل دشمن کی پہچان کرائیں گے
عوام کرپٹ نظام انتخاب کو سمندر برد کرنے کیلئے سڑکوں پر نکل آئیں۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ انتخابی نظام بدلے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ملک و قوم کا اصل دشمن استحصالی اور غریب کش نظام ہے عوام اسے سمندر برد کرنے کیلئے سڑکوں پر نکل آئیں۔ تبدیلی کے نام پر قوم کو بے وقوف بنانے والے سن لیں اب ان کی سیاسی چالیں ناکام ہوں گی کیونکہ تحریک منہاج القرآن نظام کی تبدیلی کے لئے میدان عمل میں اتر چکی ہے۔ 18 دسمبر کو لیاقت باغ راولپنڈی میں ہونے والی بیداری شعور عوامی ریلی میں لاکھوں افراد شرکت کریں گے اور یہ ریلی سیاست میں نئے رجحان کو جنم دے گی۔ ڈاکٹر طاہر القادری عوام کو ان کے اصل دشمن کی پہچان کرائیں گے جو ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔ وہ گزشتہ روز لیاقت باغ راولپنڈی کی ریلی کی تیاریوں کے سلسلے میں انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان سے مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کی رسم سے ملک کبھی بھی حقیقی تبدیلی سے ہمکنار نہیں ہو گا۔ حقیقی تبدیلی تبھی ممکن ہے جب نظام انتخاب بدلنے کے لئے قوم اپنے کردار کو پہچان لے گی۔ تحریک منہاج القرآن برادری ازم، غنڈہ گردی، کرپشن، کروڑوں روپے کی انویسٹمنٹ، بے کرداری اور نااہلیت کے ستونوں پر کھڑے نظام انتخاب کو زمین بوس کرنے کیلئے زندگی کے ہر طبقے کو اپنی جدوجہد میں شریک کر رہی ہے۔ جب تک اس نظام کی چھت کو گرایا نہیں جاتا 100 الیکشن بھی ملک کو بحران سے نہیں نکال سکتے۔ انہوں نے کہا کہ 18 دسمبر کو اہلیان راولپنڈی لیاقت باغ میں ایک تاریخی ریلی کے گواہ بنیں گے اور یہ ریلی ملک میں حقیقی تبدیلی کا آغاز ثابت ہو گی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Minhaj TV
Quran Reading Pen
Presentation MQI websites
Advertise Here
Top