لوڈ شیڈنگ ہنگامے اور خوف و ہراس کی کیفیت حقیقت میں عذاب الہی ہے

جس معاشرے میں یتیم کا حق مارا جائے اللہ تعالیٰ اس معاشرے سے برکت کا ہاتھ اٹھا لیتا ہے
جب تک عوام اس ظالمانہ نظام کو نہیں لپیٹیں گے اس وقت تک روشنی کی کوئی کرن نہیں دکھائی دے گی
ڈاکٹر علامہ غلام مرتضیٰ علوی کا جامع مسجد منہاج القرآن ماڈل ٹاؤن میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب

موجودہ دور میں بد امنی، قتل و غارت، لوٹ مار اور لوڈ شیڈنگ ہنگامے اور خوف و ہراس کی کیفیت حقیقت میں عذاب الہی ہے۔ جنوبی ایشیا میں پاکستانی عوام حکمرانوں کی نااہلیوں کا سب سے زیادہ خمیازہ بھگت رہے ہیں اور بدقسمتی سے پاکستان کو ناکام ریاست بنایا جا رہا ہے۔ پاکستان بے تحاشا وسائل، با صلاحیت افرادی قوت اور کرشماتی نعمتوں کے باوجود بھوکا پیاسا اور اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے۔ یہاں آج بھی بھوک کی فصل اُگی ہوئی ہے۔ نوجوان نسل اپنے مستقبل سے ناآشنا منتشر گروہ دکھائی دیتی ہے یہ سارے عذاب جو مسلط ہیں ہمارے اعمال کا نتیجہ ہیں۔

ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القرآن کے ناظم تربیت علامہ ڈاکٹر غلام مرتضیٰ علوی نے جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جو قومیں حرص و ہوس کا شکار ہو جائیں، جہاں غریب سے اسکے بچوں کا نوالہ تک چھین لیا جائے وہاں ایسے عذاب آیا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فرمان ہے کہ جس معاشرے میں یتیم کا حق مارا جائے اللہ تعالیٰ اس معاشرے سے برکت کا ہاتھ اٹھا لیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام مسائل سے بے نیاز حکمران طبقہ اپنی عیاشیوں میں مست ہے۔

ڈاکٹر غلام مرتضیٰ علوی نے کہا کہ استحصالی، فرسودہ اور ظالمانہ انتخابی نظام نے پوری قوم کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ جب تک عوام اس ظالمانہ نظام کو نہیں لپیٹیں گے اس وقت تک روشنی کی کوئی کرن نہیں دکھائی دے گی۔ آج ساری قوم کو اجتماعی توبہ کے ساتھ ساتھ ملک پر مسلط چند سیاسی خاندانوں کو ناکام کرنے کیلئے نظام کے خلاف عملی جدوجہد کرنا ہو گی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top