نظام انتخاب و سیاست ملک کی حقیقی خوشحالی میں رکاوٹ ہے۔ شیخ زاہد فیاض

قوم کو مل کر بدترین نظام انتخاب کے بت کو پاش پاش کرنا ہو گا
پاکستان عوامی تحریک مزدوروں، ہاریوں، غریبوں اور پسے ہوئے 18 کروڑ عوام کو حقوق دلائے گی
پاکستان عوامی تحریک صرف چہرے نہیں کلاس بدلنا چاہتی ہے

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر شیخ زاہد فیاض نے کہا ہے کہ موجودہ نظام انتخاب و سیاست عوام کا اصل دشمن اور ملک کی حقیقی خوشحالی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری سیاست نہیں ریاست بچانا چاہتے ہیں۔ ساری قوم کو مل کر بدترین نظام انتخاب کے اس بت کو پاش پاش کرنا ہو گا۔ ذاتی مفادات کو قومی مفادات کی خاطر قربان کرنا ہو گا۔ مائیں، بہنیں اور بیٹیاں خوشحال پاکستان کی تشکیل کیلئے اپنے کردار کو پہچانیں۔ ریاست بچانے کیلئے ہر بہن اور بیٹی ایک کروڑ نمازیوں کی تیاری کیلئے عوامی رابطہ مہم میں شامل ہو جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ کے تحت مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر راضیہ نوید، عائشہ شبیر، ارشاد اقبال، راحیلہ شاہد اور فریدہ سجاد بھی موجود تھیں۔ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ کوئی پارٹی یا لیڈر نہیں بلکہ استحصالی اور ظالمانہ نظام انتخاب ملک و قوم کا دشمن ہے۔ مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کو بھی اس ظالمانہ نظام کے خلاف کردار ادا کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ تبدیلی کا وقت آ گیا ہے۔ مملکت خداداد کمزور ہو کر ناکامی کی طرف بڑھ رہی ہے اسے بچانے اور پھر سے مستحکم کرنے کیلئے قومی جذبے کے ساتھ خواتین کو بھی اہم ترین کر دار ادا کرنا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک صرف چہرے نہیں کلاس بدلنا چاہتی ہے۔ کیونکہ ہر مرتبہ پرانے چہروں پر نئے نقاب دیکھ کر عوام امیدیں قائم کر لیتے ہیں مگر تین چار ماہ گزرنے کے ساتھ انکے اندر مایوسی کی لہر پیدا ہونا شروع ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحرانوں میں گھرے وطن عزیز کو اس وقت مذہبی و سیکولر انتہا پسندی، دہشت گردی، مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ جیسے عذابوں کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک مزدوروں، ہاریوں، غریبوں اور پسے ہوئے 18 کروڑ عوام کو انکے حقوق ضرور دلائے گی۔ عوام تبدیلی کیلئے پاکستان عوامی تحریک کی قیادت پر اعتماد کرتے ہوئے ایک کروڑ نمازیوں کی صف میں شامل ہو جائیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top