عوامی تحریک کے زیر اہتمام سانحہ چارسدہ دہشتگردی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

مظاہرہ میں ڈاکٹر حسن محی الدین، ڈاکٹر حسین محی الدین، میجر (ر) محمد سعید و دیگر رہنماؤں کی شرکت
حکمران فینسی منصوبوں کی بجائے قومی دولت کالجز، یونیورسٹیز کے تحفظ پر خرچ کریں، خطاب

لاہور (22 جنوری 2016) پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام نماز جمعہ کے بعد ماڈل ٹاؤن میں سانحہ چارسدہ دہشتگردی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرہ میں سینئر مرکزی رہنماؤں ڈاکٹر حسن محی الدین، ڈاکٹر حسین محی الدین، میجر (ر) محمد سعید، شہزاد نقوی اور عہدیداروں و کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہاکہ سانحہ اے پی ایس کے بعد سانحہ چارسدہ باچا خان یونیورسٹی حکمرانوں کی نااہلی ہے، دہشتگردی بیانات سے نہیں عملی اقدامات سے ختم ہو گی، حکمران اپنے فینسی منصوبوں کے فنڈز کالجز اور یونیورسٹیز کے تحفظ پر خرچ کریں۔ سفاک دہشتگرد پاکستان کے مستقبل کو ٹارگٹ کررہے ہیں۔ آپریشن ضرب عضب کے علاوہ دہشتگردی کے خاتمہ کی طرف کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا گیا، دہشتگردوں کی پناہ گاہیں ضرور ختم ہوئیں مگر سہولت کار دندناتے پھررہے ہیں۔

مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے منہاج یونیورسٹی لاہور کے وائس چیئرمین اور فیڈرل کونسل کے صدر ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ ہم منہاج یونیورسٹی کے طلبہ اور طالبات، پروفیسرز، لیکچررز اور جملہ اسٹاف کی طرف سے باچا خان یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات، پروفیسرز، لیکچررز سے مکمل اظہار یکجہتی اور دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چارسدہ یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات اور اساتذہ کے عزم، ہمت اور حوصلے کو داد دیتے ہیں، علم کے دشمن دہشتگردوں کا اصل ایجنڈا اور ان کے چہرے پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں، آخر کار دہشتگرد، ان کے ہمدرد اور سہولت کار اس دنیا میں بھی ذلیل و رسوا ہونگے اور آخرت کے دن بھی یہ جہنم کا ایندھن بنیں گے۔

پاکستان عوامی تحریک کے چیف آرگنائزر میجر (ر) محمد سعید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کو سپورٹ کرنے والے عناصر خواہ ان کا پاکستان سے تعلق ہے یا پاکستان سے باہر اگر وہ انسانیت کے خلاف اس جرم میں ملوث ہوئے تو ان کا انجام بھی دہشتگردوں سے مختلف نہیں ہوگا۔ دنیا سیاسی اختلافات کو دہشتگردی سے الگ رکھے ورنہ دنیا کے چپے چپے سے بے گناہوں کی لاشیں اٹھتی رہیں گی۔ احتجاجی مظاہرے کے شرکاء نے دہشتگرد مردہ باد، پاک فوج زندہ باد اور گو نواز گو کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ احتجاجی مظاہرے میں بریگیڈیئر (ر) محمد اقبال، ساجد بھٹی، شہزاد نقوی، نوراللہ صدیقی، ساجد بھٹی، قاضی فیض الاسلام، جواد حامد، نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ، میاں ممتاز، راجہ ندیم و دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Minhaj TV
Quran Reading Pen
We Want to CHANGE the Worst System of Pakistan
Presentation MQI websites
Advertise Here
Top