منہاج القرآن لاہور کا اجلاس، جملہ تنظیمات کے عہدیداران کی شرکت

مورخہ: 17 مئی 2017ء

عوامی رابطہ مہم شروع کی جائے، کارکن ڈاکٹر طاہرالقادری کا پیغام ہر فرد تک پہنچائیں، فیصلہ
موجودہ حکمران جب تک اقتدر میں رہیں گے ملک لٹتا رہے گا، انجینئر رفیق نجم
غریب، عوام، مزدور، تاجر دکاندار لوڈشیڈنگ سے پریشان ہے: حافظ غلام فرید

لاہور (17 مئی 2017) تحریک منہاج القرآن لاہور کی ایگزیکٹو کونسل کا اہم اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت نائب ناظم اعلیٰ انجینئر محمد رفیق نجم نے کی جبکہ اجلاس میں لاہور کے امیر حافظ غلام فرید، ناظم لاہور اشتیاق حنیف مغل دیگر ضلعی و تحصیلی رہنما موجود تھے۔ اجلاس میں منہاج القرآن لاہور کی جملہ تنظیمات کے عہدیداران کو اہم اہداف دیئے گئے اور فیصلہ کیا گیا کہ منہاج القرآن کے کارکن عوامی رابطہ مہم میں تیزی لائیں اور ڈاکٹر طاہرالقادری کا پیغام ہر فرد تک پہنچائیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر محمد رفیق نجم نے کہا کہ غریب عوام، مزدور، تاجر، دوکاندار لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے پریشان ہیں، اتنی نالائق اور نکمی حکومت پاکستان کے عوام نے آج تک نہیں دیکھی، نام نہاد حکمران 4 سال میں بھی لوڈ شیڈنگ کنڑول کرنے میں ناکام ہیں، زندگی کا پہیہ ’’عملاً‘‘مفلوج ہوچکا ہے، حکومتی وزراء لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے حوالے سے جھوٹ بول رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن میں شہید اور زخمی ہونیوالے ہمارا فخر ہیں، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو جلد قانون اور عوام کی عدالت میں جھکنا پڑے گا، شہدائے ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے لیے زندگی کے آخری سانس تک جدوجہد جاری رکھیں گے، قاتلوں سے قصاص لے کررہیں گے، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور عوام کو درپیش تمام مسائل کا حل ڈاکٹر طاہرالقادری کے 10 نکاتی ایجنڈے میں ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لاہور کے امیر حافظ غلام فرید نے کہا کہ کارکن گھر گھر عوامی رابطہ مہم شروع کریں اور ڈاکٹر طاہرالقادری کا پیغام ہر فرد تک پہنچائیں، موجودہ حکمران جب تک اقتدار میں رہیں گے ملک لٹتا رہے گا۔ آٹا، چینی، پٹرول، بجلی، گیس کی قیمتوں میں کئی بار اضافہ ہو چکا ہے جو غریب اور مزدور دشمنی ہے۔ حکمرانوں کے گوداموں میں گندم رکھنے کی جگہ نہیں، جبکہ غریب روٹی کے نوالے کو ترس رہا ہے، عوامی تحریک کی جدوجہد لوٹ مار کرنیوالوں کی سیاست کا خاتمہ اور غریب کو حقوق دلانا ہے۔

اجلاس میں حفیظ اللہ جاوید، رمضان ایوبی، حاجی فرخ، عمر قریشی، حنیف قادری، ثناء اللہ خان، اصغر ساجد، طارق الطاف، راجہ محمود عزیز، حافظ صفدر علی، ریحان چودھری و دیگر بھی موجود تھے۔

حافظ غلام فرید نے کہا کہ سربراہ عوامی تحریک جب بھی آواز دیں گے لاہور سے عوام کا ٹھاٹیں مارتا سمندر ان کے ساتھ ہو گا، موجودہ حکمرانوں اور فرسودہ نظام کی قباحتو ں نے عوام کو حقیقی جمہوریت سے کوسوں دور کر دیا ہے، ملک پر قابض دو فیصد طبقہ عوام کے حقوق پر شب خون مارنا اپنا وراثتی حق سمجھتا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی جدوجہد ملک کو حقیقی جمہوریت سے ہمکنار کرنے سے عبارت ہے اور ان کا مقصد غریبوں کے مایوس چہروں پر خوشحالی لانا ہے۔ ملک کے استحکام کے ساتھ ہی 20 کروڑ عوام کی خوشیاں وابستہ ہیں، لاہور اور پورے ملک کے عوام ڈاکٹر طاہرالقادری کے 10 نکاتی ایجنڈے کے ساتھ متفق ہیں اور وقت آنے پر حقیقی جمہوریت کیلئے کردار اد کرینگے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top