انصاف کیلئے متحدہ اپوزیشن کے احتجاج کا آغاز ہر حال میں مال روڈ لاہور سے ہو گا: عوامی تحریک

جسٹس باقر نجفی کمشن نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کا ذمہ دار شہباز شریف، رانا ثناء اور حواریوں کو ٹھہرایا
عوامی تحریک کی سی ڈبلیو سی کا اجلاس، 14 کمیٹیاں تشکیل، صدارت خرم نواز گنڈاپور نے کی
احتجاج میں تمام جماعتوں کے قائدین و کارکنان کا والہانہ استقبال ہو گا
متحدہ اپوزیشن کا پہلا احتجاج ہے جو مظلوموں کو انصاف دلوانے اور قاتلوں کو انجام تک پہنچانے کیلئے ہے

لاہور (15 جنوری 2018) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل ورکنگ کونسل کا ہنگامی اجلاس سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور کی زیر صدارت مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا، اجلاس میں 17 جنوری کے احتجاج کے حوالے سے رابطہ کارکن مہم اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا اور 14 انتظامی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ سب کان کھول کر سن لیں حصول انصاف کیلئے احتجاجی تحریک کا آغاز مال روڈ لاہور سے ہی ہو گا، جس میں تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت شریک ہو گی۔ پاکستان کی تاریخ میں حکومتیں گرانے کیلئے سیاسی اتحاد بنتے رہے متحدہ اپوزیشن کا یہ احتجاج مظلوموں کو انصاف دلوانے اور قاتلوں کو انجام تک پہنچانے کیلئے ہے۔ جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کا ذمہ دا ر شہباز شریف، رانا ثناء اللہ، بیورو کریٹس اور انکے حواریوں کو ٹھہرایا، شہباز شریف اور انکی حکومت سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے راستے کی دیوار بنی ہوئی ہے اس دیوار کو اب عوام کی طاقت سے گرائیں گے۔

اجلاس میں بریگیڈئر(ر) محمد اقبال، سید الطاف حسین شاہ، رفیق نجم، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی، جواد حامد، شہزاد رسول، مظہر محمود علوی، عرفان یوسف، حافظ غلام فرید، افنان بابر و دیگر رہنماء شریک تھے۔

خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ عوامی تحریک کے کارکنان تمام جماعتوں کے کارکنان اور قیادت کو والہانہ انداز میں خوش آمدید کہیں گے، متحدہ اپوزیشن کا یہ احتجاج ڈسپلن کے اعتبار سے مثالی ہو گا۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب زینب کے سانحہ کے بعد مگر مچھ کے آنسو بہا رہے ہیں، پنجاب اسمبلی کا اجلاس جو گزشتہ روز ہونا تھا اسے منسوخ کروا دیا گیا تاکہ زینب کا واقعہ زیر بحث نہ آ سکے اور کوئی وزیر اعلیٰ پر انگلی نہ اٹھا سکے، انہوں نے کہا کہ شہباز شریف بتائیں وہ کب تک حیلوں ہتھکنڈوں کے ذریعے اپنا نا اہل چہرہ چھپاتے رہیں گے، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے بعد شہباز شریف نے جتنے دن بھی اقتدار میں گزارے وہ جمہوریت پر دھبہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 16 جنوری کو ایکشن کمیٹی کے اجلاس میں احتجاج کی جملہ تفصیلات جاری کر دی جائیں گی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top