قرآن مجید انسانیت کی راہنمائی کیلئے نازل ہوا: ڈاکٹر حسین محی الدین

منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام 10 روزہ عرفان الہدایہ کورس کی اختتامی تقریب
قرآن لرننگ کورس میں خواتین کو تفسیر، ترجمہ، تجوید، قرآت، خطابت، عربی قواعد و ضوابط کے اصول سکھائے گئے
عرفان الہدایہ کورسز کا مقصد قرآن و حدیث کے درس و تدریس کو معاشرے میں عام کرنا ہے: فرح ناز
بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، خرم نواز گنڈاپور، ایم پی اے مسرت جمشید چیمہ، سیمابیہ طاہر، بیرسٹر عامر حسن کی شرکت
علامہ غلام مرتضیٰ علوی، سعید رضا بغدادی، سدرہ کرامت، عائشہ مبشر، اقراء مبین، میمونہ شفاقت اختتامی تقریب میں شریک

لاہور (یکم جنوری 2019) منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام 10 روزہ عرفان الہدایہ قرآن لرننگ کورس منعقد کیا گیا، الہدایہ قرآن لرننگ کورس میں خواتین معلمات کو قرآنیات، تجوید، گرائمر، تفسیر، ترجمہ، عرفان العقائد، عرفان الحدیث، اصول حدیث، فن خطابت، تدریسی مہارت اور قرآنی انسائیکلوپیڈیا خصوصی کورسز، عربی قواعد و ضوابط کے ساتھ ساتھ تجوید و قرآت کے اصول سکھائے گئے۔

10 روزہ تربیتی کورسز کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین تھے، نائب صدرمنہاج القرآن بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، مرکزی صدر منہاج القرآن ویمن لیگ فرح ناز، ایم پی اے و رہنما پی ٹی آئی مسرت جمشید چیمہ، پیپلز پارٹی کے رہنما بیرسٹر عامر حسن، ممبر پنجاب اسمبلی سیمابیہ طاہر مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی ڈاکٹر نعیم مشتاقِ، سمیت مذہبی، سیاسی، علمی، سماجی رہنماؤں کی بڑی تعداد شریک تھی۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ قرآن کریم انسانیت کی ہدایت کیلئے نازل کیا گیا، اس کی تلاوت، اس کی سماعت، اس پر غور و فکر کرنا، اس کے معنی اور مطالب کو سمجھنے کی کوشش کرنا، اس کی تعلیمات سے زندگیوں کو روشن کرنا اور اس کے بتائے ہوئے طریقے کے مطابق زندگی گزارنے میں ہی کامیابی و کامرانی ہے۔

قرآن مجید کی عظمتوں اور رفعتوں کی کوئی انتہا نہیں، ہدایت، اصلاح، انقلاب، ظاہر و باطن کی درستگی اور دنیا و آخرت کی تمام تر بھلائیوں و کامیابیوں کو اللہ تعالیٰ نے اس میں جمع کررکھا ہے، قرآن حکیم میں علوم و معارف، اسرار و حکمت کی تمام باتیں بیان کی گئی ہیں۔

ڈاکٹر حسین محی الدین نے منہاج القرآن ویمن لیگ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ امت مسلمہ کو قرآن کی تعلیم کی طرف لایا جائے تاکہ قرآن اور صاحب قرآن سے تعلق مضبوط ہو سکے، منہاج القرآن ویمن لیگ نے عرفان الہدایہ لرننگ کورس شروع کر کے ایک بڑی دینی خدمت انجام دی ہے۔ ہزاروں خواتین اس کورس سے بہرہ ور ہورہی ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر ویمن لیگ فرح ناز نے کہا کہ عرفان الہدایہ کورسز کا مقصد قرآن و حدیث کے درس و تدریس کو معاشرے میں عام کرنا ہے، قرآن و حدیث کی تدریس کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے آسان بنانا اور مسلم امت کی خواتین میں فکری و شعوری بیداری پیدا کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی رہنمائی میں علمی سطح کا جو کام تحریک منہاج القرآن کررہی ہے وہ کسی جماعت نے نہیں کیا۔

بیرسٹر عامر حسن نے کہا کہ آج تعلیم حاصل نہیں کی جارہی بلکہ خریدی جارہی ہے، آج کے اس پرفتن دور میں منہاج القرآن کاامتیاز وانفرادیت ہے کہ سینکڑوں سکولز، درجنوں کالجز اور ایک عالمی معیار کی یونیورسٹی کے ذریعے وہ جہالت کے اندھیرے دور کر کے علم کے چراغ روشن کررہی ہے۔

مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ مبارکباد کی مستحق ہے کہ وہ عوام الناس کو قرآن و حدیث کی تعلیمات کے زیور سے آراستہ کررہی ہیں۔

تقریب سے سدرہ کرامت، عائشہ مبشر، میمونہ شفاقت، ہاجرہ بی بی، صائمہ نور، انیسہ فاطمہ، اقراء مبین، روبینہ ناز، صفیہ رفعت، سعید رضا بغدادی، علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر عرفان الہدایہ کورس میں شریک طالبات و معلمات کو اسناد دی گئیں، امت مسلمہ اور پاکستان کی سربلندی کیلئے دعا کی گئی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Minhaj TV
Quran Reading Pen
We Want to CHANGE the Worst System of Pakistan
Presentation MQI websites
Advertise Here
Top