اجتماعی قربانیاں، ڈاکٹر طاہرالقادری کی منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کو مبارک باد

مورخہ: 03 اگست 2020ء

ایم ڈبلیو ایف نے عید کے ایام میں لاکھوں افراد تک قربانی کا گوشت پہنچایا
منہاج ویلفیئر نے لاہور سمیت 50 شہروں میں اجتماعی قربانی کے کیمپ لگائے
منہاج ویلفیئر نے امسال لبنان میں فلسطینی، شامی مسلمانوں کے پناہ گزین کیمپوں میں دسترخوان لگائے
ایم ڈبلیو ایف نے 4 ملین افراد کے ایک روز کھانے کے مساوی گوشت تقسیم کیا
منہاج ویلفیئر غربت و افلاس کے خاتمے کیلئے کام کرنے والی نمبر ون غیر سرکاری فلاحی تنظیم ہے، خرم نواز گنڈاپور

لاہور (3 اگست 2020ء) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے عیدالاضحی کے تینوں ایام میں اجتماعی قربانیوں کے ذریعے ہزاروں خاندانوں اور لاکھوں افراد تک قربانی کا گوشت پہنچانے اور شاندار انتظامات پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کو مبارکباد دی ہے اور کہا کہ محروم طبقات کو خوشیوں میں شریک کرنے کا نام قربانی ہے۔

اس موقع پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے کنٹری ڈائریکٹر سید امجد علی شاہ نے بتایا کہ اس سال منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے لاہور، کراچی، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، آزاد کشمیر سمیت پاکستان میں 50 مقامات پر اجتماعی قربانیاں کیں اور لاکھوں خاندانوں میں قربانی کا گوشت تقسیم کیا گیا، انہوں نے بتایا کہ اجتماعی قربانی مہم کے ذریعے 4 ملین افراد کے ایک دن کے کھانے کے مساوی گوشت تقسیم کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہزاروں خاندانوں میں 5 کلو اور 10 کلو کے حساب سے قربانی کا گوشت بانٹا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ جانوروں کی قربانی کے لیے لاہور میں جدید سلاٹر ہاؤس کی خدمات حاصل کی گئی تھیں اور کم سے کم وقت میں مستحقین تک گوشت پہنچانے کے لیے چلرز گاڑیاں استعمال کی گئیں اور گوشت ڈسٹری بیوشن سنٹرز پر گوشت کے درجہ حرارت کو معتدل رکھنے کے لیے خصوصی آئس فلور تیار کئے گئے تھے، منہاج ویلفیئر کے سینکڑوں رضا کاروں نے سید امجد علی شاہ کی قیادت میں لاہور کے مضافات میں گھر گھر جا کر قربانی کا گوشت تقسیم کیا۔

خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ الحمدللہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن پاکستان میں نمبر ون غیر سرکاری تنظیم ہے جو ہر سال عیدالاضحی کے موقع پر ملک بھر میں اجتماعی قربانیوں کے ذریعے ہزاروں جانور قربان کرتی اور لاکھوں افراد تک قربانی کا گوشت پہنچاتی ہے۔

منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، نائب صدر بریگیڈیئر ریٹائرڈ اقبال احمد خاں نے کامیاب اجتماعی قربانی مہم پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کو مبارک باد دی ہے۔

بریگیڈیئر ر اقبال احمد خاں نے کہا کہ یہ اعزاز بھی منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے پاس ہے جس نے اس سال لبنان میں فلسطین اور شام کے شہریوں کے پناہ گزین کیمپوں میں قربانی کا گوشت پہنچایا اور دسترخوان لگائے، اس کے علاوہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے، کشمیر افریقہ اور بنگلہ دیش میں بھی اجتماعی قربانیاں کیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ایک بین الاقوامی فلاحی ادارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن غربت و افلاس کے خاتمے کیلئے کام کرنے والی نمبر ون غیر سرکاری فلاحی تنظیم ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top