ہائیر ایجوکیشن کمیشن کا منظور شدہ 8 اور 16 سالہ دینی نصاب طلباء پڑھیں گے

مورخہ: 02 جون 2021ء

داخلے شوال اور سالانہ امتحانات شعبان المعظم میں ہوں گے: مفتی امداداللہ قادری
نظام المدارس سے الحاق شدہ مدارس کے طلباء کو آن لائن تعلیمی سہولت میسر ہو گی
دینی نصاب میں بین الاقوامی مصنفین کی کتب طلباء کو پڑھائی جائیں گی

لاہور (2 جون 2021ء) وزارت ایجوکیشن حکومت پاکستان کی طرف سے نظام المدارس پاکستان کو بورڈ کا درجہ ملنے کے بعد اس کا پہلا باضابطہ اجلاس منگل کو صدر مفتی امداد اللہ قادری کی زیرصدارت نظام المدارس پاکستان کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں نظام المدارس سے الحاق کرنے والے ناظمین و مہتممین اور سینئر عہدیداروں نے شرکت کی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ طلباء کو ہائر ایجوکیشن کمیشن کا منظور شدہ 8 اور 16 سالہ دینی نصاب پڑھایا جائے گا اور اسی نصاب میں سے امتحانات ہوں گے۔

داخلے ہر اسلامی سال کے شوال کے مہینے میں جبکہ امتحانات شعبان المعظم میں ہوا کریں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نظام المدارس سے الحاق شدہ مدارس کے طلباء کو ہنگامی صورت حال کے پیش نظر آن لائن تعلیمی وتدریسی سہولیات میسر ہوں گی اور طلباء کو بین الاقوامی مذہبی سکالرز اور مصنفین کی کتب پڑھائی جائیں گی۔ نظام المدارس میں زیر تعلیم طلباء کے لئے پی ایچ ڈی کرنے تک کی تعلیمی سہولیات میسر ہوں گی۔

اجلاس میں ناظم اعلیٰ نظام المدارس پاکستان علامہ میر آصف اکبر، خرم نواز گنڈاپور، ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، علامہ محمد بدر الزماں قادری، مفتی غلام اصغر صدیقی، ڈاکٹر شفاقت علی بغدادی، ناظم امتحانات علامہ عین الحق بغدادی، علامہ محمد اشفاق چشتی، رانا محمد فاروق، حاجی محمد منظور قادری، مولانا خلیل حنفی، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، علامہ عزیز الحسن اعوان، مفتی ارشاد حسین سعیدی، علامہ نصیر بابر، علامہ ثمر عباس، علامہ حافظ خلیل، پروفیسر خضر حیات، علامہ سجاول الاحق، علامہ اسلم صابری نے شرکت کی۔

مفتی امداد اللہ قادری نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نظام المدارس پاکستان کا نصاب طلباء میں وسعت نظر پیدا کرے گا اور ہماری تعلیمی مساعی اتحاد بین المسلمین اور رواداری کے فروغ کیلئے ہیں۔ ان شاء اللہ نظام المدارس پاکستان ان عظیم مقاصد کے حصول کے لئے بارش کا پہلا قطرہ ثابت ہو گا۔ طلباء کو اس طرح کا نصاب پڑھایا جائے گا کہ وہ زندگی کے ہر شعبہ میں اپنی اہلیت کے مطابق پیشہ وارانہ خدمت انجام دے سکیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top