40 ویں عالمی میلاد کانفرنس مینار پاکستان کے وسیع گراؤنڈ میں ہو گی: جواد حامد

مینار پاکستان کا گراؤنڈ 40سالوں سے حضور نبی اکرم ﷺ سے والہانہ محبت کا گواہ بنتا آ رہا ہے
عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریاں شروع، 70 انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں: نائب ناظم اعلیٰ
ربیع الاول کا چاند نظر آتے ہی پورے لاہور میں مشعل بردار جلوس نکالے جائیں گے: رانا نفیس حسین قادری

لاہور (13 ستمبر 2023) تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام 40 ویں عالمی میلاد کانفرنس مینار پاکستان کے وسیع گراؤنڈ میں ہی ہو گی، کانفرنس کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ عالمی میلاد کانفرنس کے انتظامات کیلئے مرکزی سطح پر 70 سے زائد انتظامی کمیٹیاں تشکیل دی دے گئی ہیں۔ کانفرنس میں اہم مذہبی، سیاسی، سماجی شخصیات شرکت کریں گی، ہر سال کی طرح اس سال بھی میلاد کانفرنس میں شریک ہر خاص و عام کے لیے ضیافت میلاد کا اہتمام ہو گا۔ کانفرنس میں لاکھوں مرد و خواتین شریک ہونگے، بانی و سرپرست تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خصوصی خطاب کرینگے، ربیع الاول کے مبارک مہینے کا چاند نظر آتے ہی کانفرنس کی تیاریاں عروج پر پہنچ جائیں گی، لاہور میں بڑے بڑے ہورڈنگز اور بینرز لگانے شروع کر دیئے گئے ہیں۔ کانفرنس میں بیرون ممالک سے بھی اہم شخصیات شرکت کریں گی۔

ان خیالات کااظہار سیکرٹری عالمی میلاد کانفرنس،نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن جواد حامد نے تشکیل دی گئی انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر صدر منہاج القرآن لاہور رانا نفیس حسین قادری، شہزاد رسول، حاجی محمد اسحق، الیاس ڈوگر، سعید اختر، میاں زاہد جاوید، حاجی فرخ، محسن اقبال، مفتی خلیل حنفی، نورین علوی و دیگر بھی موجود تھے۔

جواد حامد نے کہا کہ مینار پاکستان کے پنڈال کو سجانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی، انہوں نے بتایا کہ عالمی میلاد کانفرنس میں علماء، مشائخ عظام، نعت خوان اور قراء حضرات خصوصی طور پر شرکت کرینگے، انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن پوری دنیا میں حضور سرور کونین حضرت محمد مصطفی ﷺ کے عشق کا پیغام عام کرنے میں مصروف ہے۔ مینار پاکستان پر عالمی میلاد کانفرنس پوری دنیا میں اہمیت اختیار کر چکی ہے، مینار پاکستان کا وسیع گراؤنڈ 40 سالوں سے حضور نبی اکرم ﷺ سے والہانہ محبت کا گواہ بنتا آ رہا ہے۔

منہاج القرآن لاہور کے صدر رانا نفیس حسین قادری نے کہا کہ عالمی میلاد کانفرنس کیلئے تمام شعبہ ہائے زندگی کے افراد کو شرکت کی دعوت دی جا رہی ہے۔ ربیع الاول کا چاند نظر آتے ہی بسلسلہ استقبال ربیع الاول پورے لاہور میں مشعل بردار جلوس نکالے جائیں گے۔ گھروں میں بچوں کے ہمراہ میلاد مصطفی ﷺ کی خوشی میں کیک کاٹے جائیں گے، گھروں اور بازاروں کو سجایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صرف لاہور شہر سے عالمی میلاد کانفرنس میں لاکھوں مرد و خواتین شرکت کر کے اپنے آقا و مولا سے والہانہ عشق کا اظہار کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک منہاج القرآن حضور ﷺ کی محبت کے عقیدے کو فروغ دے رہی ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top