فیصل آباد : 'سیاست نہیں ریاست بچاؤ' سیمینار

23 دسمبر کو پورے ملک سے عوام کا سیلاب مینار پاکستان پہنچے گا۔ سید ہدایت رسول قادری

تحریک منہاج القرآن کے ضلعی امیر سید ہدایت رسول قادری نے کہا کہ 23 دسمبر کو پورے ملک سے عوام کا سیلاب مینار پاکستان پہنچے گا۔ جو تاریخ پاکستان کا سب سے بڑا پرامن اجتماع ہو گا۔ اس دن پوری قوم میں یہ شعور بٹے گا کہ 18 کروڑ کا رزق چند مٹھیوں میں کیوں اور کیسے بند ہے۔ وقت آ گیا ہے کہ غریب کے چہرے کی زردی اور لٹیروں کے چہروں کی لالی ختم کر دی جائے۔ اس کیلئے قوم کو اسلام کا معاشی نظام دیں گے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی آمد پوری قوم کو حوصلہ دے گی کہ پرامن تبدیلی کا آپشن ابھی ختم نہیں ہوا۔ 23 دسمبر کو ہر کوئی جان لے گا کہ پاکستان کا مسیحا کون ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’سیاست نہیں ریاست بچاؤ ‘‘ سیمینار کے موقع پر چیمبر آف دی کامرس کے ایگزیکٹو ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر شیخ عبدالقیوم، میاں جاوید اقبال، چوہدری محمد بوٹا، میاں حفیظ احمد، شیخ امین القادری، انجینئر رفیق نجم، بشارت جسپال، رانا طاہر سلیم، میاں عبدالقادر، میاں کاشف محمود، حاجی محمد عابد، جمیل احمد، محمد بلال امین، غلام مصطفی کمال بھی موجود تھے۔

سید ہدایت رسول قادری نے کہا کہ عوام شعور کی آنکھ کھولیں اور الیکشن کے نام پر 5 سال کیلئے اپنا مقدر چند سیاسی خاندانوں کو نہ بیچیں۔ جو قوم ظلم کے نظام کے خلاف نہیں اٹھتی غلامی اس کا مقدر بنا دی جاتی ہے۔ موجودہ نظام انتخاب ویسٹ کوٹ اور شیروانی کی بد ترین آمریت مسلط کرنے کا ذریعہ ہے۔ اس لئے 18 کروڑ عوام موجودہ نظام کے خلاف شدومد سے آواز اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری ملک میں سیاست کرنے نہیں آ رہے اور نہ ہی ہم الیکشن لڑیں گے مگر الیکشن سے پہلے اس ڈرامے کے حقائق قوم کے سامنے ضرور لائیں گے۔

تبصرہ

Top