پاکستان عوامی تحریک فیصل آباد (PP-66) کے زیراہتمام نظام بدلو سیمینار

تحریک منہاج القرآن و پاکستان عوامی تحریک صوبائی حلقہ 66 کے زیراہتمام نظام بدلو سیمینار 22 اپریل 2013 کو فیصل آباد میں منعقد ہوا جس کی صدارت صوبائی حلقہ 66 کے صدر حاجی نصیر احمد نے کی جبکہ مہمان گرامی ضلعی ناظم تحریک منہاج القرآن انجینئر محمد رفیق نجم، ضلعی صدر پاکستان عوامی تحریک رانا طاہر سلیم، جنرل سیکرٹری میاں عبدالقادر، میاں کاشف محمود، رانا غضنفر علی، پروفیسر غلام مرتضی ضلعی سیکرٹری اطلاعات غلام محمد قادری، میاں اکرام الحق، رانا وحید احمد شہزادبھی موجود تھے۔ سیمینار میں صوبائی حلقہ سے تمام فورمز کے یونین کونسلز تک کے عہدیداران و کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ضلعی قائدین کا والہانہ استقبال کیاگیا۔

سیمینار کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کیاگیا۔ ضلعی ناظم انجینئر محمد رفیق نجم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کرپٹ انتخابی نظام کے ذریعے تبدیلی کی بات کرنے والے خوابوں کی جنت میں رہتے ہیں، انہیں معلوم نہیں کہ حالات اس کے بر عکس بہت تلخ اور خوفناک ہیں۔ کرپٹ الیکشن کے بعد 12 مئی کو امیدوں کے چراغ گل ہو جائیں گے اور ان کو دن میں تارے نظر آ جائیں گے۔ عوام کے پاس نظام انتخاب کو مسترد کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات سے پہلے ہونے والی دہشت گردی کی بھی ایک خاص سیاسی سمت ہے۔ دہشت گردی کچھ جماعتوں کو چار دیواری تک محدود اور کچھ کیلئے کامیابی کی راہیں ہموار کر رہی ہے۔

صدر پاکستان عوامی تحریک رانا طاہر سلیم نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک وطن عزیز کی بقا، ترقی اور خوشحالی کے دشمن نظام کو کلیتاً مسترد کر چکی ہے اور اپنی سیاسی جدوجہد سے کرپٹ نظام انتخاب، غیر آئینی الیکشن اور دھاندلی کو تحفظ دینے والے مکروہ رویوں کو عوام کے سامنے بے نقاب کر چکی ہے جس میں بڑے بڑے ادارے بھی ملوث ہیں۔ 11مئی کو ساری قوم عشروں سے ملک پر مسلط چند سیاسی خاندانوں کو اقتدار کے ایوانوں میں گھسنے کی اجازت نہ دیں اور اسکا بہترین طریقہ پاکستان عوامی تحریک کے پر امن دھرنوں میں شرکت کرنا ہے۔

آخر میں 23 دسمبر عوامی استقبال، 14جنوری لانگ مارچ و فیصل آباد کے عوامی جلسے کو کامیاب بنانے پر کارکنان و عہدیداران میں شیلڈ ز تقسیم کی گئیں۔ آخر میں صوبائی حلقہ 66 کے صدر حاجی نصیر احمدنے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی درازئ عمر کے لیے دعا کی۔

رپورٹ: غلام محمد قادری (ضلعی سیکرٹری اطلاعات)

تبصرہ

Top