فیصل آباد: منہاج القرآن علماء کونسل کا اجلاس

منہاج القرآن علماء کونسل کا اجلاس فیصل  آباد میں 5 اکتوبر 2016 کو منعقد ہوا، جس کی صدارت صوبائی نائب صدر علامہ عزیز الحسن اعوان نے کی۔ علامہ اخترحسین اسد، ڈاکٹریوسف سیالوی، علامہ غلام مرتضیٰ، علامہ کرم دادخان، قاری عبدالرشیداعوان، اللہ رکھا نعیم اور دیگر علماء و مشائخ نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

علامہ عزیز الحسن اعوان نے سیدنا عمر فاروق کی حیات طیبہ کے موضوع پر اجلاس میں خطاب کیا۔ انہوں نے  کہا ہے کہ امیر المومنین سیدنا عمر فاروق رضی اللہ تعالی عنہ کی حیات طیبہ اسلامی تاریخ کا روشن باب ہے۔ خلیفہ دوم سیدنا عمر فاروق رضی اللہ تعالی عنہ کا شمار ان رہبروں میں ہوتا ہے جو لوگوں کیلئے زندگی کے اصول وضع کرتے تھے اور پھر لوگ اپنی زندگیوں میں ان کے اقوال و اعمال سے رہنمائی حاصل کرتے۔ آج مسلمان دور فاروقی کی طرح امن، سکون، چین اور راحت چاہتے ہیں تو سیدنا عمر فاروق رضی اللہ تعالی عنہ کی شخصیت کو رول ماڈل بنانا ہو گا ۔ ملت اسلامیہ کو ایسے حکمرانوں کی ضرورت ہے جو صحابہ کرام کے نقش قدم پر چل کر سیدنا عمر فاروقرضی اللہ تعالی عنہ کی سیرت و نظریات سے رہنمائی حاصل کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالی عنہ کی سیاسی بصیرت کا نتیجہ تھا کہ امن اور عدل و انصاف جو ان کے زمانے میں رہا تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالی عنہ کی سیرت و کردار ،اخلاق اور سیاست صرف اسی دور کیلئے نہ تھی بلکہ آج بھی ان کے وضع کردہ اصولوں سے رہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے۔

اجلاس کا اختتام دعائے خیر سے ہوا، اس موقع پر اتحاد بین المسالک اور ملکی سلامتی و ترقی اور عالم اسلام کی خوشحالی کے لیے بھی خصوصی دعا کی گئی۔

تبصرہ

Top