فیصل آباد: ڈاکٹر طاہرالقادری کے دیرینہ ساتھی حاجی نصیر احمد کی یاد میں تعزیتی ریفرنس

مورخہ: 03 مئی 2018ء

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی نائب ناظم اعلیٰ انجینئر محمد رفیق نجم نے ضلعی آفس میں ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے دیرینہ ساتھی حاجی نصیر احمد کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا چندروزہ ہے، آخر انسان کو اپنے رب کی طرف لوٹ جانا ہے قبر کی زندگی برزقی زندگی ہے یہ زندگی اس ہی کی کامیاب گزرے گی۔ جس کے سینے میں تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت موجزن ہوگی اور آخرت اس کی حسین ہوگی جو مخلوق خد اکی خدمت کے جذبے سے سرشارہوگا۔ ہمیں اس دنیا کے ساتھ ساتھ آخرت کی تیاری بھی کرنی چاہیے جو نا ختم ہونے والی زندگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حاجی نصیر احمد مرحوم نیک صالح، عاشق رسول تھے اور تحریک منہاج القرآن کا اثاثہ تھے۔ جنہوں نے پوری زندگی منہاج القرآن کے لیے وقف کررکھی تھی۔

اس موقع پر ضلعی ناظم رانا رب نواز انجم، رانا طاہر سلیم، اللہ رکھا نعیم، علامہ عزیز الحسن اعوان، غلام محمد قادری، رانا غضنفر علی، حافظ محمودالحسن، میاں امجد قادری، یاسر نصیر، سہیل مقصود، عارف نیازی، آصف عزیز، زین العابدین اور میاں اکرام الحق کے علاوہ فیصل آباد کی سیاسی، سماجی و مذہبی شخصیات نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن اسلام کا پیغام امن و محبت عام کرنے میں مصروف ہے کیونکہ محبت اور امن ہمارے معاشرے کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ فرقہ واریت اور دہشت گردی کے عفریت پر قابو پانے کیلئے معاشرے میں تحمل اور برداشت کے رویوں کو فروغ دینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہرآدمی اپنی سیرت، کردار، اخلاق میں انقلاب بپا کر کے زندگی کو بندگی میں بدل دیں۔ عبادت و ریاضت کے ذریعے اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو راضی کریں۔ آخر میں مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔

تبصرہ

Top