محفل میلادِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پاکپتن شریف

مورخہ: 10 مارچ 2012ء

منہاج القرآن ویمن لیگ پاکپتن شریف کے زیرِاہتمام مورخہ 10 مارچ 2012ء بروز اتوار کو عظیم الشان سالانہ محفل میلادِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد کیا گیا جس میں علاقہ بھر سے تقریباً 2500 خواتین و طالبات نے شرکت کی جبکہ  مرکز سے خصوصی خطاب کیلئے محترمہ گلشن ارشاد (مرکزی ناظمہ تربیت) نے شرکت کی۔ محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد منہاج نعت کونسل MCW نے بڑے خوبصورت اور والہانہ انداز میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔ محفل میں محترمہ نجم السحر (ناظمہ) نے نقابت کے فرائض سرانجام دئیے۔

پروگرام کے آغاز پر محترمہ مسز داؤد شاہ نے استقبالیہ کلمات ادا کئے اور معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر محترمہ گلشن ارشاد نے محفل سے خطاب کرتے ہوئے "آؤ! کہ سب حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عہدِ وفا کریں" کے عنوان پر انتہائی مدلل اور خوبصورت انداز میں گفتگو فرمائی۔ انہوں نے کہا کہ اُس وقت تک کسی مسلمان کا ایمان درجۂ کاملیت تک نہیں پہنچ سکتا جب تک وہ سرورِکونین علیہِ الصلٰوۃ والسلام کی ذاتِ مبارکہ کو دنیا کے مال و متاع، دنیاوی رشتوں حتٰی کہ اپنی جان سے بڑھ کر محبوب نہ بنالے۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ اپنی زندگی کو ادب و اتباعِ مصطفٰی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا نمونہ بنا کر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دین کی نصرت اور سربلندی کو زندگی کا مقصد بنالے اور صحابہ وصحابیات کے اُسوہ کے مطابق اپنی زندگی محبت، تعظیم، اتباع اور وفائے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا نمونہ بنا لے۔

انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری امت کا حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے انہی چار بنیادوں پر تعلق قائم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نےکہا کہ آج امتِ مسلمہ جن مشکلات سے گزر رہی ہے کا اس کی اصل وجہ یہ ہے کہ ہم نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کرنا چھوڑ دیا ہے۔ اور آج اگر امتِ مسلمہ اپنا کھویا ہوا مقام واپس حاصل کرنا چاہتی ہے تو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کو وفا تک لے کر جانا ہوگا اور اصلاح معاشرہ کے لئے عملی خدمات سرانجام دینا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ بحکم شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سالِ رواں کو میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سال کے طور پر منایا جائے اور آقا علیہ الصلوۃ والسلام کی محبت کے چراغ گلی گلی سجائے جائیں تاکہ ہمارا ٹوٹا ہوا تعلق گنبد خضرٰی سے جڑ سکے۔

محفل کا اختتام محترمہ گلشن ارشاد کی دعا پر ہوا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top