اعصاب شکن لوڈ شیڈنگ کے باعث مزدور بے روزگار ہیں اور دو لقموں کا حصول بھی ناممکن بن گیا ہے : نوشابہ ضیاء

مورخہ: 15 جون 2012ء

مہنگائی کے عفریت نے جبڑے کھول کر عوام کو نگلنا شروع کردیا
بنیادی ضروریات سے محرومی پاکستانی عوام کا مقدر بنا دی گئی ہے
کراچی ٹارگٹ کلنگ کی حالیہ خطرناک لہر ملی یکجہتی کے خاتمے کی گھناؤنی سازش ہے
منہاج القرآن ویمن لیگ کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملتان سے آئے ہوئے خواتین کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ناظمہ نوشابہ ضیاء نے کہا ہے کہ پاکستان قیادت کے بد ترین بحران کا شکار ہے اور اس کا المیہ یہ ہے کہ حقیقی لیڈر اقتدار میں نہیں ہیں۔ عوام کو موجودہ استحصالی نظام کے خلاف اٹھنا ہوگا تاکہ حقیقی قیادت ملک کی بھاگ دوڑ سنبھال سکے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے عفریت نے جبڑے کھول کر عوام کو نگلنا شروع کردیا ہے۔ دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، لوڈ شیدنگ اور بے روز گاری کے عذاب نے 17 کروڑ عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے۔ اعصاب شکن لوڈ شیڈنگ کے باعث مزدور بے روزگار ہیں اور دو لقموں کا حصول بھی ناممکن بن گیا ہے۔ بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں آئے روز کے اضافے نے پاکستانیوں کو بے حال کر دیا ہے۔ حکومت فوری طور پر بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں کئے گئے اضافے کو واپس لے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن ویمن لیگ کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ملتان سے آئے ہوئے خواتین کے وفد سے ایک ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ بنیادی ضروریات سے محرومی پاکستانی عوام کا مقدر بنا دی گئی ہے۔ نوشابہ ضیاء نے کہا کہ مسائل کی دلدل میں دھنسے پاکستان کے مقتدر طبقوں کو احساس نہیں کہ اس کے وجود کو کتنے خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جن سنگین اور گھمبیر مشکلات کا سامنا ہے اس کے پیش نظرسیاستدان طبقہ برداشت کے کلچر کا عملی مظاہرہ کرے۔ ملک اور عوام کے حال پر رحم کریں اور اپنی تمام تر صلاحیتیں ملک کو بحران سے نکالنے پر مرکوز رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہونیوالی ٹارگٹ کلنگ کی حالیہ خطرناک لہر ملی یکجہتی کے خاتمے کی گھناؤنی سازش ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اس پرتشدد رویے کو کچلنے کیلئے مؤثر اور سنجیدہ کارروائی کریں اور مذہبی و لسانی بنیادوں پر انسانی جانوں کا ضیاع روکنے کیلئے قانون پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتا ہوا تشدد معاشرے کے اندر پائی جانیوالی تنگ نظری، انتہا پسندی اور لسانی و صوبائی عصبیت کو ظاہر کرتا ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top