معلمین اعتماد اور اعتقاد سے انسانیت کی تعلیم و تربیت کا فریضہ سر انجام دیں۔ رانا محمد ادریس

معلمین کو اسلام کے بنیادی تصورات کو مسخ کرنے والوں کا محاسبہ تعلیم اور دلائل سے کرنا چاہیے
قرآن مسلمانوں کی فکری رہنمائی اور سنت مصطفی عملی رہنمائی کا بہترین ذریعہ ہے

تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلیٰ رانا محمد ادریس نے کہا ہے کہ دین اسلام خیر خواہی کا دین ہے۔ جو افراد دین اسلام کی اشاعت اور فروغ کیلئے جدوجہد کر تے ہیں وہ حقیقت میں انسانیت کی فلاح و بہبود کا کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معلمین اعتماد اور اعتقاد سے انسانیت کی تعلیم و تربیت کو عام کرنے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا اللہ تعالیٰ سے ڈرنے والوں کو سیدھی راہ نصیب ہوتی ہے اورا عمال صالح اپنانے والوں کو اللہ تعالیٰ مغفرت سے نواز دیتے ہیں۔ معلمین کو اسلام کے بنیادی تصورات کو مسخ کرنے والوں کا محاسبہ تعلیم اور دلائل سے کرنا چاہیے۔ وہ گزشتہ روز تحریک منہاج القرآن لاہور کے کارکنان سے گفتگو کررہے تھے، اس موقع پر امیر لاہور ارشاد طاہر بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا تحریک منہاج القرآن ایسے سکالرز کی ٹیم تیار کررہی ہے جو اسلام کے درست تصورات کو پھیلانے میں سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے کہا قرآن مسلمانوں کی فکری رہنمائی اور سنت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم عملی رہنمائی کا بہترین ذریعہ ہے۔ قرآن اور سنت کو جدا کرنے والے اسلام کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا دین اسلام سے دوری کی وجہ سے ہم دنیا میں ذلیل و خوار ہو رہے ہیں۔

نظامت تربیت کے سکالر علامہ شریف کمالوی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کو عام اور سستا کرنے سے ہی معاشرہ سنور سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کے طلبہ و طالبات کی تربیت حکومت کی ذمہ داری ہے۔ تحریک منہاج القرآن اسلامی تعلیمات کو عام کرنے میں جو کردار ادا کر رہی ہے یہ موجودہ دور میں بہت بڑا جہاد ہے۔ انہوں نے کہا اگر معلمین تعلیم اور کردار کی طرف توجہ دیں تو معاشر ے پر اچھے اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top