ماہانہ مجلس ختم الصلوٰۃ علی النبی (ص) - ستمبر 2012ء

تحریک منہاج القرآن کے گوشہ درود کی ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا روحانی اجتماع 6 ستمبر 2012ء کو منعقد ہوا۔ مرکزی سیکرٹریٹ میں پروگرام کا انعقاد گوشہ درود کے ہال کی چھت پر کیا گیا، جس کا آغاز نماز عشاء کے بعد ہوا۔ پروگرام کی صدارت امیر تحریک صاحبزادہ فیض الرحمٰن درانی نے کی۔ جبکہ ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، پروفیسر محمد نواز ظفر، نائب ناظم اعلیٰ دعوت و تربیت رانا محمد ادریس قادری، منہاج القرآن ویمن لیگ کی عہدیداران اور دیگر مرکزی قائدین کے علاوہ لاہور بھر سے خواتین و حضرات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ خواتین کے لیے پنڈال کا ایک الگ حصہ مختص کیا گیا تھا۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ جس کے بعد محفل نعت میں مختلف ثناء خوان نے نعت خوانی کی۔ اس موقع پر مترنم انداز میں مناجات اور درود پاک پڑھا گیا۔

روحانی اجتماع کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے محمد اعجاز ملک (نائب ناظم دعوت) نے کہا کہ درود و سلام وہ افضل ترین اور منفرد عبادت ہے اور یہ وہ افضل ترین عمل ہے جس میں اﷲ تبارک و تعالیٰ اور اس کے فرشتے بھی بندوں کے ساتھ شریک ہوتے ہیں اور اس عمل کے ذریعے بندے کو اﷲ کا قرب نصیب ہوتا ہے اور اس کے ذریعے گناہوں کی بخشش، درجات کی بلندی اور قیامت کے روز حسرت و ملال سے ایمان نصیب ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود و سلام بھیجنے والے کے لئے درود و سلام کی فضیلت و اہمیت جاننے کے لئے یہی کافی ہے کہ اس کے عوض اﷲ اور اس کے فرشتے اس شخص پر درود و سلام بھیجتے ہیں اور خود حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بھی اس پر درود و سلام بھیجتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات گرامی سے تعلق حبی و عشقی کو مزید پختہ کرنا چاہتے ہیں تو کثرت سے درود و سلام پڑھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ فروغ عشق مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، ربط رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں استقامت و مداومت اور اسوہء حسنہ پر عمل کے فروغ کےلئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی حسب ہدایات تحریک منہاج القرآن کے مرکز پر گوشہء درود کے علاوہ دنیا بھر میں حلقات درود قائم کیے گئے ہیں۔ جس کے ذریعے عالمگیر سطح پر قربت رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور نسبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو مستحکم کر کے بارگاہ ایزدی سے برکات کا حصول ممکن بنایا جا رہا ہے۔

پروگرام کا اختتام دعا سے ہوا اور آخر میں تمام شرکاء میں لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top