مظفر آباد : تحریک منہاج القرآن کی بسلسلہ قائد ڈے تقریب

تحریک منہاج القرآن مظفر آباد کے زیراہتمام 19 فروری کو بلال کمپلیکس مظفرآباد میں قائد ڈے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہر کی معزز شخصیات اور خواتین نے شرکت کی۔ کمپلیکس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب کا شاندار سٹال بھی لگایا گیا جس میں شرکاء محفل نے بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔

تقریب کی صدارت نائب امیر تحریک منہاج القرآن آزاد کشمیر خواجہ عبدالرحمان نے کی، جبکہ نقابت کے فرائض نائب صدر تحریک منہاج القرآن تحصیل مظفرآباد صاحبزادہ محمد عتیق یاسر منہاجین نے ادا کیے۔ تقریب کا آغاز قاری محمد یوسف قاسمی الازہری (رکن قانون ساز اسمبلی آزادکشمیر) نے تلاوت کلام مجید سے کیا، جبکہ ہدیہ نعت کی سعادت سیدہ سائرہ انجم نے حاصل کی۔ استقبالیہ کلمات الحاج عبدالصمد چشتی سابق نائب امیر تحریک منہاج القرآن آزادکشمیر نے ادا کیے اور حاضرین مجلس کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں ’’ایک قائد ایک تحریک‘‘ کے عنوان سے دس منٹ کا نہایت جامع اور پراثر پیغام حاضرین محفل کو بذریعہ پروجیکٹر دکھایا گیا جس میں شیخ الاسلام کی زندگی کے ماہ و سال اور انقلابی فکر کے مدارج بزبان قائد انقلاب بیان ہوئے۔

سابق صدر تحریک منہاج القرآن تحصیل مظفرآباد جناب محمد پرویز قریشی نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے ترجمہ عرفان القرآن کی جامعیت و واضحیت اور امتیازی اوصاف کے بارے میں گفتگو کی۔

نماز عصر کے وقفہ کے بعد نشست دوم کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا جبکہ پلوشہ خان نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت حاصلی کی۔ بعد ازاں ثنائے مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کنوینیر علماء کونسل تحصیل مظفر آباد علامہ محمد حسن حقانی نے ’’شیخ الاسلام اور عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ‘‘ کے عنوان سے مقالہ کے اہم نکات اپنے خطاب میں پیش کیے جسے حاضرین نے اشتیاق سے سنا۔

سرپرست تحریک منہاج القرآن ضلع ہٹیاں علامہ محمد اسحاق نقوی نے ’’شیخ الاسلام کی مذہبی، سیاسی، سماجی اور ملی خدمات‘‘ کے حوالے سے نہایت مدلل اور پر مغز مقالہ پیش کیا۔ مقالہ کے بعد تحریک منہاج القرآن کے زیر انتظام ملک بھر میں منعقدہ تقاریب کی جھلکیاں بذریعہ ملٹی میڈیا پیش کی گئیں۔

تقریب میں 23 دسمبر 2012 کے فقیدالمثال اجتماع اور 14 جنوری 2013 کے تاریخ ساز عوامی مارچ اور دھرنے کے دوران نمایاں خدمات انجام دینے والے رفقاء میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔ بعد ازاں مرکزی نائب امیر تحریک منہاج القرآن آزاد کشمیر جناب خواجہ عبدالرحمان نے اختتامی کلمات ادا کیے۔ انہوں نے شیخ الاسلام کے ساتھ تجدید عہد کے لیے منعقد کی گئی تقریب کے کامیاب انعقاد پر صدر تحریک منہاج القرآن تحصیل مظفرآباد میاں عبدالرزاق قادری اور ناظم تحریک منہاج القرآن تحصیل مظفرآباد فیصل جمیل کاشمیری کے علاوہ منہاج القرآن یوتھ لیگ، مصطفوی سٹوڈنٹس موؤمنٹ، علماء کونسل اور ویمن لیگ کے جملہ عہدیداران کو مبارکباد پیش کی۔

محفل کے اختتام پر شیخ الاسلام کی درازی عمر، سانحہ کوئٹہ کے شہداء، شہدائے کشمیر، افواج پاکستان اور ملکی سالمیت کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top