جب تک عوام ظالمانہ نظام کو نہیں لپیٹیں گے روشنی کی کوئی کرن نہیں دکھائی دے گی۔ راجہ منیر اعجاز

مورخہ: 08 مئی 2013ء

11 مئی الیکشن ڈے کو پورے ملک میں عوام پرامن دھرنے دے کر انتخابی ڈرامے کو مسترد کر دیں گے۔ عبد الوحید مرزا
عوامی تحریک این اے 49 کے زیراہتمام دھرنے کی تیاریوں کے سلسلے میں ریلی نکالی گئی

پاکستان عوامی تحریک این اے 49 کے جنرل سیکرٹری راجہ منیر اعجاز نے کہا ہے کہ استحصالی، فرسودہ اور ظالمانہ انتخابی نظام نے پوری قوم کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ جب تک عوام اس ظالمانہ نظام کو نہیں لپیٹیں گے اس وقت تک روشنی کی کوئی کرن نہیں دکھائی دے گی۔ آج ساری قوم کو ملک پر مسلط چند سیاسی خاندانوں کو ناکام کرنے کیلئے نظام کے خلاف عملی جدوجہد کرنا ہو گی اور 11 مئی کو اس فرسودہ، عوام دشمن نظام انتخاب کو دریا برد کر کے ملک میں حقیقی جمہوریت اور خوشحالی کی بنیاد رکھنا ہو گی۔ 11 مئی الیکشن ڈے کو پورے ملک میں عوام پرامن دھرنے دیکر اس انتخابی ڈرامے کو مسترد کر دیں کیونکہ غیر آئینی اور بے ڈھنگ طریقے قائم ہونیوالی حکومت عوام کو مزید مایوسیوں کے سوا کچھ نہیں دے سکے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام منعقدہ عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریلی کا آغاز آری سیداں سے ہوا اور سہالہ بازارمیں اختتام پذیرہوئی۔ ریلی کا مقصد دھرنے کی تیاریوں کے سلسلے میں عوام کو کرپٹ انتخابی نظام کی خرابیوں سے آگاہ کرنا تھا۔

اس موقع پر عوامی تحریک، تحریک منہاج القرآن، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ، عوامی تحریک یوتھ ونگ، منہاج القرآن یوتھ ونگ کے عہدیداران و کارکنان مرزا عبد الوحید، صوبیدار سلیم، محمد جمشید نے ریلی کی قیادت کی۔

انہوں نے کہا کہ سیاست عوام کی خدمت کا نام ہے اور عوام کے حقوق ادا کرنے کا فریضہ ہے مگر کرپٹ نظام انتخاب کے تحت ہونے والے انتخابی عمل اور سیاسی انتہاپسندی نے عوام کے مسائل پس پشت ڈال دیے ہیں۔ سیاست آپس میں تشدد اور باہمی دشمنیوں کی نذر ہوتی جا رہی ہے۔

عبدالوحید مرزا نے کہا کہ عوام لوڈ شیڈنگ، بے روز گاری، بھوک اور بڑھتی ہوئی مہنگائی اور دیگر پریشانیوں سے دوچار ہیں۔ ان کے حقوق کی کسی کو فکر نہیں۔ اقتدار کے حصول کے لیے انتخابی رسہ کشی ہو رہی ہے۔ ان دگرگوں حالات کا ذمہ دار موجودہ کرپٹ انتخابی نظام اور غیر آئینی الیکشن کمیشن ہے۔ اس غیر آئینی الیکشن کے بعد یہ آگ پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی اور ملک میں کرپشن اور دہشت گردی کا راج قائم ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو اندازہ نہیں کہ الیکشن کے نام پر ان کے ساتھ کتنا بڑا دھوکہ ہونے جا رہا ہے۔ موجودہ نظام انتخاب ملک کی آزادی اور خود مختاری کے خلاف گھناؤنی سازش ہے۔ اس لئے ملکی استحکام، ترقی اور عوامی خوشحالی کی طرف بڑھنے کا واحد راستہ موجودہ نظام انتخاب کو کلی طور پر مسترد کرنے میں ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top