عوام لوڈ شیڈنگ سے بے حال ،سیاستدان اقتدار کی بندر بانٹ میں مصروف ہیں۔ رحیق احمد عباسی

مورخہ: 05 جون 2013ء

صرف دعوے کئے جا رہے ہیں توانائی بحران کے حل کیلئے کوئی واضح پالیسی سامنے نہیں آ سکی
ملک و قوم کی تقدیر پر قابض طبقے نے مختلف پارٹیوں کے ماسک چڑھا رکھے ہیں
پاکستان عوامی تحریک کے صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کی عوامی تاجر اتحاد لاہور کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ عوام لوڈ شیڈنگ سے بے حال ہیں جبکہ سیاستدان عوامی مسائل سے بے خبر اقتدار کی بندر بانٹ میں مصروف ہیں۔ ماضی کی حکومتوں نے ڈیمز کے مسئلے کو حل کرنے کی بجائے اسے سیاسی ضرورت کیلئے استعمال کیا اور اب بھی صرف دعوے کئے جا رہے ہیں جبکہ توانائی بحران کے حل کیلئے کوئی واضح پالیسی اب تک سامنے نہیں آ سکی جس سے ثابت ہوتا ہے کہ عوامی مسائل کو حل کرنا کسی کی ترجیحات میں شامل نہیں ہے۔ چھوٹے ڈیمز کی تعمیر فوری طور پر شروع کر دی جائے تو نہ صرف توانائی بحران بلکہ زرعی بحران پر بھی قابو پایا جا سکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی تاجر اتحاد لاہور کے تاجروں کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں عوامی تاجر اتحاد لاہور کے صدر حاجی اسحاق اور سیکرٹری جنرل حافظ غلام فرید بھی شریک تھے۔ تاجروں نے توانائی بحران سے پیدا ہونیوالی مشکلات کے بارے میں پاکستان عوامی تحریک کے صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کو آگاہ کیا۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ پچھلے 65 سالوں سے ملک و قوم کی تقدیر پر قابض 2 فی صد طبقے کے مفادات ایک ہی ہیں مگر انہوں نے مختلف پارٹیوں کے ماسک چڑھا رکھے ہیں۔ گھسے پٹے نظام انتخاب اور ان نام نہاد پارٹیوں کا چولی دامن کا ساتھ ہے جو عوام کے سامنے بے نقاب ہو چُکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے موجودہ حالات کو بدلنے کیلئے 97 فیصد عوام کو پاکستان عوامی تحریک کے تبدیلی کے عمل میں شریک ہونا ہو گا تا کہ کرپٹ انتخابی و سیاسی نظام کا خاتمہ ہو سکے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top