معجزہ معراج حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سارے معجزات میں قرآن کے بعد سب سے بڑا معجزہ ہے۔ علامہ آصف اکبر میر

مورخہ: 06 جون 2013ء

عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے دلوں کو معمور کر لو کہ یہی زندگی کا اصل سکون ہے
منہاج القرآن علماء کونسل پنجاب کے ناظم علامہ آصف اکبر میر کامعراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس سے خطاب

معراج شریف کو نماز کا تحفہ عطا ہوا اور امت کیلئے نماز کو مومن کی معراج قرار دیا گیا۔ اللہ تعالیٰ نے شب معراج کے موقع پر حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو 3 طرح کے علم عطا فرمائے ایک وہ علم ہے جو آپ کیلئے خاص ہے آپ کے علاوہ کوئی بھی اس کا متحمل نہیں ہو سکتا، دوسرا علم ایسا عطا کیا گیا جس کے متعلق آپ کو اختیار دیا جسے مستحق سمجھیں جتنا چاہیں عطا فرما دیں، تیسرا علم وہ جسے کائنات کیلئے عام فرما دیا گیا۔ اس حصے کا یہ عالم ہے کہ زندگی کا کوئی بھی شعبہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے تشنہ تکمیل نہیں چھوڑا۔ آج امت مسلمہ اور خصوصاً ملک پاکستان بدامنی، دہشت گردی، قتل و غارت گری اور لوڈ شیڈنگ کی دلدل میں دھنسا ہوا ہے۔ یہ سب مسائل دین سے دوری، جہالت اور گمراہی کے سبب ہیں۔

ان خیالات کا اظہار منہاج القرآن علماء کونسل پنجاب کے ناظم علامہ آصف اکبر میر نے تحریک منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام واہگہ ٹاؤن میں منعقدہ معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علامہ محمد حسین آزاد، علامہ حاجی امداد اللہ، علامہ ممتاز صدیقی، علامہ عثمان سیالوی اور دیگر علماء مشائخ کی کثیر تعداد موجود تھی۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ سب کو معراج کی تمام تر سعادتیں اور رحمتیں اپنے دامن میں سمیٹنے کی توفیق و ہمت عطا فرمائے اور دلوں کو عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے معمور فرمائے کہ یہی زندگی کا اصل سکون ہے۔

علامہ آصف اکبر میر نے کہا کہ معجزہ قرآن کے بعد حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو جتنے بھی معجزے عطا کئے گئے ان میں سب سے عظیم معجزہ معراج ہے۔ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے معجزہ معراج کی اہمیت و فضیلت کا اندازہ اس بات سے با آسانی لگایا جا سکتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اس معجزہ کے بیان کو قرآن پاک کا حصہ بنایا۔ معجزہ معراج قرآن و حدیث سے ثابت، آئمہ سے تواتر کے ساتھ مذکور اور حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سارے معجزات میں قرآن کے بعد سب سے بڑا معجزہ ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top