تعلیمات زہرہ علیہا السلام پر عمل کرنا ہی آج کی عورت کیلئے راہ نجات ہے۔ نوشابہ ضیاء

مسلم خواتین کو صبر و استقامت اور شرم و حیاء کا پیکر بننا ہے
منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام سیدہ کائنات کانفرنس

منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ناظمہ نوشابہ ضیاء نے کہا ہے کہ امت مسلمہ کی خواتین کو بتولیت کی صفات میں ڈھل کر ان کے کردار کا مظہر بننا ہو گا تبھی زوال عروج میں بدل سکے گا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ویمن لیگ کی بنیاد رکھ کر امت مسلمہ کی خواتین کو یہ پیغام دیا تھا کہ سیدہ کائنات فاطمۃ الزھرہ رضی اللہ عنہا کی شخصیت کو آئیڈیل بنا ئے بغیر آئندہ نسلوں کے مستقبل کو تابناک بنانا ممکن نہ ہو سکے گا اسلیے کہ حضرت فاطمہ علیہا السلام کے اسوہ کی خیرات کے بغیر ہم کبھی کامیاب نہ ہو سکیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں سالانہ سیدہ کائنات کانفرنس میں "سیدہ کے نقوش سیرت اور دعوت فکر" کے عنوان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمۃ الزھراہ علیہا السلام کی شخصیت پوری انسانیت کیلئے انسانی کردار کی عظمت کا مینارہ نور ہے۔ مسلم خواتین کو صبر و استقامت اور شرم و حیاء کا پیکر بننا ہے جدید اور قدیم علوم کے حصول کو پہلی ترجیح بنانا ہے۔ تعلیمات زہرہ علیہا السلام پر عمل کرنا ہی آج کی عورت کیلئے راہ نجات ہے۔

ساجدہ صادق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افسوس آج ہمارے بداعمال موجودہ حکمرانوں کی شکل میں ہم پر مسلط ہیں۔ اگر ہم اپنے اعمال کا ٹیٹرھ درست کر لیں تو ہمارے حالات بدل سکتے ہیں۔ سیدہ کائنات کی تعلیمات کو اگلی نسلوں میں منتقل کرنے کیلئے ماؤوں کو اولاد کی تربیت کیلئے رہنماء اصول بتول زھرہ کے قدموں کے نشانات سے تلاش کرنا ہوں گے۔

ساجدہ صادق نے کہا کہ سیدہ کائنات نے امام حسین اور امام حسن اور سیدہ زینب کی ایسی تربیت فرمائی کہ انہوں نے پوری انسانیت کو بچا لیا۔ آج حضرت فاطمہ علیہا السلام کے اسوہ پر چلنے والی بہنوں اور بیٹیوں کی ضرورت ہے۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہر موقع پر سیدہ کائنات کو اپنے ساتھ رکھتے، تربیت کا یہ اصول آج ہمیں اپنی زندگیوں میں نافذ کرنا ہو گا۔ اگلی نسلوں کو مقام زھرہ کے آداب سکھانا پوری امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے۔ ایسی کانفرنسز کا انعقاد اگلی نسلوں تک اہل بیت اطہار کے عظیم کردار کو پہچاننے کیلئے ضروری ہیں اس کیلئے منہاج القرآن ویمن لیگ مبارکباد کی مستحق ہے۔

 کانفرنس سے گلشن ارشاد اور فریدہ سجاد نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Minhaj TV
Quran Reading Pen
We Want to CHANGE the Worst System of Pakistan
Presentation MQI websites
Advertise Here
Top