ناروے: منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو میں سالانہ میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کا انعقاد

مورخہ 18 جنوری 2014 بروز ہفتہ منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے کے زیر اہتمام سالانہ عظیم الشان میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں شدید برف باری اور سردی کی شدت کے باوجود کثیر تعداد میں ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات نے کانفرنس میں شرکت کی۔اوسلو کے علاوہ ناروے کے دوسرے شہروں Moss Skedsmo, ، Drammenاور Fredrikstad سے بھی کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی جس کی وجہ سے مسجد کا وسیع و عریض ہال بھرا ہوا تھا۔

کانفرنس کے مہمان خصوصی سفیر پاکستان جناب عبد الحمید تشریف تھے اورآپ کی زیر صدارت ہی کانفرنس کا انعقاد ہوا۔ کانفرنس میں دیگر مہمانان گرامی قدر میں امیر یورپ جناب علامہ حسن میر قادری، جناب علامہ نور احمد نور ڈائریکٹر ادارہ منہاج القرآن درامن ناروے، الشیخ محمد السید المصری جامع الازھر مصر، قاری خالد محمودقادری، پیر سید فراست علی شاہ ، علامہ قاری نو ر علی سیالوی امام و خطیب مسلم سینٹر فیورسٹ نے شرکت کی۔

کانفرنس کا باقاعدہ آغاز قاری القراء خالد محمود قادری اور الشیخ محمد السید المصری جامع الازھر مصر کی دلسوزآوازمیں تلاوت قرآن پا ک سے کیا گیا۔ اس کے بعد آقا کریم; صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں مختلف نعت خواں حضرات جن میں قاری عبدالمنان، منہاج سکول اوسلو کے بچوں اور منہاج سسٹرزکی شیما نعت کونسل نے ہدیہ عقیدت پیش کیا اورخصوصی طور پر پاکستان کے مشہور ومعروف نعت خواں  عابد معصومی نے نہایت ہی پرسوز آواز میں نعت خوانی کی۔ منہاج یوتھ لیگ ناروے کی طرف سے حیات المیر نے میلاد نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے ناویحن میں گفتگو کی۔

اس کے بعد یو کے سے تشریف لائے ہوئے مذہبی سکالر جناب علامہ حافط محمد سعید قادری نے خصوصی خطاب کیا۔ آپ نے اپنے خطاب میں کہا کہ میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا مقصد لوگوں کو اللہ سے جوڑنا تھا اور گمراہ قوم کو رہنمائی دینا تھی۔ آپ نے فرمایا کہ اگر امت مسلمہ دوبارہ عروج چاہتی ہے تو اسے آقا کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے تعلق جوڑنا ہو گا اورآپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت کو اپنانا ہو گا اور موجودہ صدی میں یہ کام تحریک منہاج القرآن احس انداز میں کر رہی ہےاور بانی تحریک منہاج القرآن حضور شیخ الاسلام پوری دنیا میں امت مسلمہ کا اللہ اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ٹوٹے تعلق کو دوبارہ جوڑنے اور استوار کرنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اورآپ نے تمام شرکاء کو تحریک منہاج القرآن میں شمولیت کی دعوت دی۔ منہاج یوتھ نے ہمیشہ کی طرح اس دفعہ بھی علامہ حافط محمد سعید قادری کے خطاب کا احسن اندازمیں پروجیکٹر کے ذریعے لائیو نارویحن زبان میں ترجمہ کیا جس کوشرکاء خصوصا یوتھ نے بہت پسند کیا۔ نقابت کے فرائض محترم علامہ محمد اقبال فانی ڈائریکٹر منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے نےسر انجام دیے اور محترم علامہ محمد اقبال فانی نے منہاج ایجوکیشن سٹی کے حوالے سے تفصیلی بریفینگ دی اور بتایاکہ یہ منصوبہ امت مسلمہ میں صدی کا سب سےبڑا منصوبہ ہو گا جس میں برصغیر کی سب سے بڑی مسجد تعمیر کی جائے گی اور ایک عظیم یونیورسٹی قائم کی جائے گی جس میں بیک وقت 25000 طلباء تعلیم حاصل کر سکیں۔ اورمزید بتایا کہ جیسے ماضی میں تحریک منہاج القرآن نےاپنے تمام منصوباجات کو پایا تکمیل تک پہنچایا اسی طرح یہ منصوبہ بھی پایا تکمیل تک پہنچے گا۔

مہمان خصوصی سفیر پاکستان عبد الحمید وڑائچ نے صدارتی خطبہ دیا اور تحریک منہاج القرآن کو کامیاب پرگرام پر مبارک باد دی اور حضور شیخ الاسلام کی پوری دنیا میں امت مسلمہ کے لیے خدمات کو سراہا۔اس کے بعد شرکاء کانفرنس کو ایک عدد عمرے کا ٹکٹ بھی دیا گیا جس کی قرعہ اندازی اعجازاحمد وڑائچ صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے اور سفیر پاکستان عبد الحمید وڑائچ نے کی جس میں ایک خوش نصیب بہن کا نام نکلا۔ جناب ا عجازاحمد وڑائچ صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے نے مہمان خصوصی سفیر پاکستان جناب عبد الحمید وڑائچ کا خصوصی شکریہ ادا اور انہیں حضور شیخ الاسلام کی کتاب دہشت گردی کے خلاف فتوی تحفتا پیش کی ۔اور انہوں نےدیگرتمام معزز مہمانوں اور شرکاء کانفرنس کا بھی تشریف لانے پر شکریہ ادا کیا۔

کانفرنس کا اختتام پیرسید فراست علی شاہ کی دعا سے ہوا۔ دعا کے بعد شرکاء کانفرنس کے لیے بہترین ضیافت میلاد کا اہتمام کیاگیا۔کانفرنس کے انتظام و انصرام میں اعجازاحمد وڑائچ صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے، محمد اصغر نائب صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے اور دیگر جملہ فورمز جن میں منہاج ویمن لیگ ناروے، منہاج یوتھ لیگ، منہاج سسٹرز، منہاج ویلفئیر اور منہاج مصالحتی کونسل نے اہم کردار ادا کیا۔کانفرنس کے بارے میں اعجازاحمد وڑائچ صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوے کہا کہ ہمیشہ کی طرح یہ کانفرنس بھی ہر حوالے سے کامیاب تھی اور کانفرنس میں بہترین نطم و ضبط اس کی انفرادیت تھی۔آپ نے کہا کہ اس سے پہلےمیلاد کے مہینے میں منہاج ویمن لیگ ناروے کے زیر اہتمام خواتین کے لیے میلاد کا کامیاب پروگرام ہو چکا ہے اور ایک ہفتہ بعد منہاج یوتھ ناروے کے زیر اہتمام مولد کانفرنس کا انعقاد ہونے جا رہا ہے۔ آپ نے ایگزیکٹو اور دیگر جملہ فورمز کے تمام ممبران کو کانفرنس کی کامیابی کی مبارک باد دی اور تمام ممبران کا شکریہ ادا کیاکہ انہوں نے دن رات محنت کر کے کانفرنس کو کامیاب بنایا۔

رپورٹ: منیر احمد

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Minhaj TV
Quran Reading Pen
We Want to CHANGE the Worst System of Pakistan
Presentation MQI websites
Advertise Here
Top