امن کی بحالی کیلئے ضروری ہے کہ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے تعلق کو پختہ کیا جائے۔ سید مظفر حسین شاہ

تنگ نظری اور انتہا پسندی کے الاؤ میں وہ لوگ جل رہے ہیں جنہوں نے اسلام کی روح کو سمجھا نہیں

تحریک منہاج القرآن فیڈرل ایریا اسلام آباد کے صدر سید مظفر حسین شاہ نے کہا کہ اسلام دین امن وسلامتی ہے۔ تنگ نظری اور انتہا پسندی کے الاؤ میں وہ لوگ جل رہے ہیں جنہوں نے اسلام کی روح کو سمجھا نہیں۔ جس دل میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے محبت کے چشمے پھوٹتے ہیں وہ کسی جانور کو بھی گزند پہنچانے کا تصور نہیں کر سکتا۔ امن کی بحالی کیلئے ضروری ہے کہ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے تعلق کو پختہ کیا جائے۔ ذات سے تعلق مضبوط ہو گا تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی تحریک ملے گی۔

وہ تحریک منہاج القرآن کے تحت منعقد محفل میلاد سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ باطن کو نور اور امن سے مزین کرنے کیلئے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ادب سیکھنا ہو گا۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ادب سے عاجزی اور انکساری آئے گی اور معاشرے میں محبت کی خوشبو پھیلے گی۔ اور جس دل میں محبت کا سمندر موجزن ہو جائے اس جسم سے دوسرے کیلئے سلامتی اور محبت کے رویے ہی پھوٹ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امت کو اسلام اور معرفت الٰہی، مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد کے صدقہ نصیب ہوئی اور پورا قرآن حضور کے اخلاق اور سیرت پر اعلیٰ کتاب ہے۔

سید مظفر شاہ نے کہا کہ محبت اور ادب ایمان کی متاع ہے۔ آج داخلی اور خارجی قیام امن کیلئے محنت کی ضرورت ہے۔ نفسانی خواہشات کو ختم کر کے باطن کو تقوی، طہارت، توحید الٰہی اور محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اجالا کر لیا جائے تو امت کا ہر فرد اپنے اپنے ملک میں امن وسلامتی بکھیرنے والا بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مخلو ق آقا کا میلاد منانے کا حق ادا نہیں کر سکتی کیونکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا میلاد خود اللہ نے منایا ہے۔ اس لئے ہمیں اپنی تمام خوشیوں سے بڑھ کر آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کی خوشی منانی چاہیے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Minhaj TV
Quran Reading Pen
We Want to CHANGE the Worst System of Pakistan
Presentation MQI websites
Advertise Here
Top