انقلاب کی جماعت قائم کرنے کیلئے کروڑوں ووٹرز کو نہیں نمازیوں کو کال دی ہے۔ حافظ غلام فرید

مورخہ: 02 جون 2014ء

نمازی استقامت کے ساتھ اُس وقت تک ڈٹے رہیں گے جب تک سیاست کے شیطان بھاگ نہیں جاتے
کارکن دوکروڑ نمازیوں کیلئے صفیں بچھاتے جائیں جلد ہی اقامت کہی جائے گی
پاکستان میں کرپٹ نظام انتخاب کے ہوتے ووٹ کے ذریعے کبھی تبدیلی نہیں آئے گی
ہمارامقصد اعلی تعلیمی معیار قائم کرنا اور اسلام کے آفاقی نظام کو طلباء تک پہنچانا ہے
’’امید پاکستان طلبہ کنونشن‘‘سے حافظ غلام فرید کا خطاب

تحریک منہاج القرآن لاہور کے ناظم حافظ غلام فرید نے کہا ہے کہ انقلاب کیلئے جماعت قائم کرنے کیلئے کروڑ وں ووٹرز کو نہیں نمازیوں کو کال دی ہے جواستقامت کے ساتھ اُس وقت تک ڈٹے رہیں گے جب تک سیاست کے شیطان بھاگ نہیں جاتے۔ طلباء اور کارکن کروڑوں نمازیوں کیلئے صفیں بچھاتے جائیں جلد ہی اقامت کہی جائے گی اور ڈاکٹر طاہر القادری کی امامت میں نماز انقلاب قائم ہو جائے گی جس کے نتیجے میں انقلاب کا سویرا طلوع ہو گا۔ پاکستان میں کرپٹ نظام انتخاب کے ہوتے ووٹ کے ذریعے کبھی تبدیلی نہیں آئے گی۔ ظلم کا سونامی استحصالی نظام کی شکل میں عوام کے حقوق کو خس و خاشاک کی طرح بہائے جا رہا ہے۔ تعلیم کے بغیر قوم ترقی نہیں کر سکتی لہذا طلبہ کی اولین ذمہ داری صرف اور صرف تعلیم کا حصول ہے۔ کسی بھی معاشرے کی ترقی میں طلبہ اور باشعور نوجوان اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ہمارامقصد اعلی تعلیمی معیار قائم کرنا اور اسلام کے آفاقی نظام کو طلباء تک پہنچانا ہے۔ مصطفوی سٹو ڈنٹس موومنٹ گزشتہ 19 سالوں سے تعلیمی اداروں میں فروغ تعلیم اور امن کے لیے کوشاں ہے۔ طلباء اپنا رشتہ اسلحہ کی بجائے کتاب سے جوڑیں اور معاشرے میں مثبت رویوں کے فروغ کے لیے کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ لاہور کے تحت مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ ’’امید پاکستان طلبہ کنونشن‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر عرفان یوسف، عبد العمار منعم، شیخ عماد الاسلام بھی موجود تھے۔

حافظ غلام فرید نے کہا کہ پاکستان میں تعلیم کا حصول مشکل ہو گیا ہے جس کی وجہ کرپٹ نظام انتخاب ہے۔ مہنگائی کے حالیہ طوفان کی وجہ سے طلبہ کا تعلیم حاصل کرنا محال ہے۔ علم کی اہمیت سے بہرہ ور قومیں بچوں کو مفت تعلیم دے رہی ہیں مگر پاکستان میں سکولوں کی حالت ناگفتہ بہ اور تعلیم کا بجٹ نہ ہونے کے برابر ہے۔ طلبہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مصطفوی انقلاب کی منزل قریب ہے اور ڈاکٹر طاہر القادری کی امامت میں نماز انقلاب قائم ہونے والی ہے۔ ان شااللہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے نوجوان اگلی صفوں میں ہوں گے اور سلام پھرنے تک ہر طالبعلم دیگر کی طرح استقامت کا پہاڑ بن کر کھڑا رہے گا۔ سٹیٹس کو کی قوتیں جان لیں اب ان کو تحفظ دینے والا نظام تنکوں کی طرح بہہ جائے گا اور انقلاب کے بعد ملک میں حقیقی جمہوریت کا قیام ہو گا۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی ٹیم کے دیگر ممبرز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم فروغ امن کے لیے ہمہ وقت کوششیں کرتے رہیں گے اور ایم ایس ایم تعلیمی اداروں میں امن، محبت، بھائی چارہ اور کتاب سے لگاؤ پیدا کرنے کے لیے اپنی جدوجہد ہمیشہ جاری رکھے گی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top