غیر جانبدار جے آئی ٹی نہ بنا کر حکمرانوں نے ثابت کر دیا ہے کہ وہی سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مجرم ہیں: سعدیہ کیانی

مورخہ: 14 مارچ 2015ء

پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ اسلام آباد کی صدر سعدیہ کیانی نے کہا ہے کہ شفاف تحقیقات کے لئے غیر جانبدار جے آئی ٹی نہ بنا کر حکمرانوں نے ثابت کر دیا ہے کہ وہی ماڈل ٹاؤن سانحہ کے اصل مجرم ہیں، سانحہ ماڈل ٹاؤن حکمرانوں کے گلے کا پھندا بن کر رہے گا، بے گناہوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، قاتلوں کو کیفرکردار تک پہنچانے تک احتجاج جاری رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سانحہ ماڈل ٹاؤن کے 9 ماہ مکمل ہونے پر 17 مارچ کو شہدائے ماڈل ٹاؤن کی یاد میں شمعیں روشن کرنے کی تقریب کے سلسلے میں مشاورتی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری حنا امین، صدر منہاج القرآن ویمن لیگ نصرت امین، جمیلہ بٹ، نبیلہ قادری اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھیں۔

سعدیہ کیانی نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ایک اہم کردار رانا ثناء اللہ جو ڈپٹی وزیراعلیٰ پنجاب بنا بیٹھا ہے اور دوسرے اہم کردار ڈاکٹر توقیر شاہ جس کو سفیر کے عہدے پر ترقی دیکر ڈبلیو ٹی او بھجوا کر وفاداری کا انعام دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پہلے دن سے ہی سمجھتے ہیں کہ جب تک موجودہ پنجاب حکومت اور شہباز شریف وزیراعلی ہیں، ان کے ہوتے ہوئے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر انصاف نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کو پیش آئے ہوئے 9 مہینے ہوگئے لیکن انصاف کے دروازے اب تک بند ہیں، ظلم کی انتہا ہے، کہاں ہے قانون، انصاف اور انسانی حقوق کے ادارے؟ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک سانحہ ماڈل ٹاؤن میں بہنے والے خون کا حساب لئے بغیر چین سے نہیں بیٹھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اپنے ہی بنائے ہوئے جوڈیشل کمیشن کے نوٹیفکیشن کو غلط ثابت کرنے پر تلی بیٹھی ہے جو انتہائی شرمناک رویہ اور بدنیتی پر مبنی اقدام ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top