حضرت فاطمۃ الزھراہ سلام اللہ علیہا کی شخصیت پوری انسانیت کیلئے انسانی کردار کی عظمت کا مینارہ نور ہے، فرح ناز‎

مورخہ: 21 جون 2015ء

تعلیمات زھرہ سلام اللہ علیہا پر عمل کرنا ہی آج کی عورت کیلئے راہ نجات ہے
مسلم خواتین کو صبر و استقامت اور شرم و حیاء کا پیکر بننا ہے
اگلی نسلوں کو مقام زھرہ سلام اللہ علیہا کے آداب سکھانا پوری امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے
آج حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا کے اسوہ پر چلنے والی بہنوں اور بیٹیوں کی ضرورت ہے
سیدہ کائنات سلام اللہ علیہا کے یوم وصال کے موقع پر "سیدہ کے نقوش سیرت اور دعوت فکر"کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب

Death Anniversary of Sayyida Kainat Fatima al-Zahra R.Aمنہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے کہا ہے کہ امت مسلمہ کی خواتین کو بتول کی صفات میں ڈھل کر ان کے کردار کا مظہر بننا ہو گا تبھی زوال عروج میں بدل سکے گا۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ویمن لیگ کی بنیاد رکھ کر امت مسلمہ کی خواتین کو یہ پیغام دیا تھا کہ سیدہ کائنات فاطمۃ الزھرہ سلام اللہ علیہا کی شخصیت کو آئیڈیل بنا ئے بغیر آئیندہ نسلوں کے مستقبل کو تابناک بنانا ممکن نہ ہو سکے گا اس لیئے کہ حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا کے اسوہ کی خیرات کے بغیر ہم کبھی کامیاب نہ ہو سکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں سیدہ کائنات کے یوم وصال کے موقع پر "سیدہ کے نقوش سیرت اور دعوت فکر" کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ حضرت فاطمۃ الزھراہ سلام اللہ علیہا کی شخصیت پوری انسانیت کیلئے انسانی کردار کی عظمت کا مینارہ نور ہے۔ مسلم خواتین کو صبر و استقامت اور شرم و حیاء کا پیکر بننا ہے جدید اور قدیم علوم کے حصول کو پہلی ترجیح بنانا ہے۔ تعلیمات زھرہ پر سلام اللہ علیہا عمل کرنا ہی آج کی عورت کیلئے راہ نجات ہے۔

فرح ناز نے کہا کہ افسوس آج ہمارے بداعمال موجودہ حکمرانوں کی شکل میں ہم پر مسلط ہیں۔ اگر اہم اپنے اعمال درست کر لیں تو ہمارے حالات بدل سکتے ہیں۔ سیدہ کائنات سلام اللہ علیہا کی تعلیمات کو اگلی نسلوں میں منتقل کرنے کیلئے ماؤں کو اولاد کی تربیت کیلئے رہنماء اصول بتول زھرہ سلام اللہ علیہا کے قدموں کے نشانات سے تلاش کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیدہ کائنات سلام اللہ علیہا نے امام حسین سلام اللہ علیہا اور امام حسن سلام اللہ علیہا اور سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کی ایسی تربیت فرمائی کہ انہوں نے پوری انسانیت کو بچا لیا۔ آج حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا کے اسوہ پر چلنے والی بہنوں اور بیٹیوں کی ضرورت ہے۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہر موقع پر سیدہ کائنات کو اپنے ساتھ رکھتے، تربیت کا یہ اصول آج ہمیں اپنی زندگیوں میں نافذ کرنا ہو گا۔ اگلی نسلوں کو مقام زھرہ کے آداب سکھانا پوری امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے۔ ایسی کانفرنسز کا انعقاد اگلی نسلوں تک اہل بیت اطہار کے عظیم کردار کو پہچاننے کیلئے ضروری ہیں اس کیلئے منہاج القرآن ویمن لیگ مبارکباد کی مستحق ہے۔ کانفرنس سے گلشن ارشاد، طاہرہ خان، عائشہ مبشر، عطیہ بنین نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top