منہاج کالج مانچسٹر کی افتتاحی تقریب

منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ کے زیرانتظام منہاج کالج مانچسٹر کی افتتاحی تقریب 10 جنوری 2017ء کو منعقد ہوئی، جس کی صدارت منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کی۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ کے قائدین و کارکنان اور مانچسٹر میں مقیم پاکستانیوں نے بھی پروگرام میں شرکت کی۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید سائنسی علوم کا ماخذ قرآن پاک ہے۔ منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں میں دین اور جدید سائنسی علوم ساتھ ساتھ پڑھائے جاتے ہیں۔ والدین اپنے ذہین بچوں کو دین کی تعلیم کے لئے وقف کریں۔ ماڈرن سائنسی علوم کی عصری ضرورت کو ہم نے اپنی تعلیمی حکمت عملی میں فوقیت دی ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی عمر بھر کی تحقیق اور تجربہ کا یہ نچوڑ ہے کہ ماڈرن سائنسی علوم کی تحصیل کے بغیر دین اسلام کے فروغ کی کوئی کاوش ثمربار نہیں ہو سکتی۔

آج نئی نسل کو یہ بتانے اور سمجھانے کی ضرورت ہے کہ ایک مکمل اور نافع علم کے لیے قرآن اور سائنس کو ساتھ ساتھ پڑھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن علم، امن اور تحقیق کی ایک عالمگیر اسلامی تحریک ہے جو پاکستان کے ساتھ ساتھ پوری دنیا میں ایسے تعلیمی ادارے قائم کررہی ہے جس سے یورپی معاشرے میں پروان چڑھنے والے باصلاحیت بچے اپنی اصل سے علمی و تحقیقی رشتہ استواررکھ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد علم برائے منافع کے لیے نہیں بلکہ علم برائے انسانیت کے لیے ہے۔ منہاج القرآن کے فلاحی پراجیکٹس ’’نو لاس، نو پرافٹ‘ کی بنیاد پر چلائے جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ منہاج القرآن کی 36 سالہ جدوجہد میں علم اور خدمت کا یہ سفر ایک لمحہ کے لیے بھی نہیں رکا‘ اور اللہ رب العزت نے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نعلین پاک کے صدقے بے پایاں برکتیں عطا کیں اور ہم پاکستان کے ساتھ ساتھ دنیا کے 90 سے زائد ممالک میں اس خدمت کو جاری و ساری رکھے ہوئے ہیں۔

اس موقع پر پروگرام کے شرکاء میں سے مانچسٹر میں رہائش پذیر مسلم فیملیز بالخصوص پاکستانی خاندانوں نے منہاج مانچسٹر کالج کے قیام پر انتہائی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کالج کے قیام سے دیار غیر میں بچوں کی معیاری تعلیم و تربیت کی بہت بڑی پریشانی سے نجات مل گئی ہے۔ اس اہم علمی و تدریسی کاوش پر تقریب میں شریک والدین نے ڈاکٹر طاہرالقادری کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں شریک طلباء و طالبات نے بھی منہاج کالج مانچسٹر کے قیام پر انتہائی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری آئندہ نسلوں کے مستقبل کو سنوار رہے ہیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Minhaj TV
Quran Reading Pen
We Want to CHANGE the Worst System of Pakistan
Presentation MQI websites
Advertise Here
Top