منہاج القرآن کے تحت 19 مارچ کو شادیوں کی اجتماعی تقریب کے انتظامات مکمل

مورخہ: 12 مارچ 2017ء

21 مسلم اور 2 غیر مسلم جوڑے رشتہ ازدواج میں بندھیں گے۔ اجلاس میں فیصلہ
15 انتظامی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں، اہم سیاسی، سماجی، مذہبی راہنماشرکت کرینگے
تقریب کے انتظامات کسی طرح بھی انفرادی سطح پر ہونیوالی شادیوں سے کم نہیں ہونگے: سید امجد علی شاہ

لاہور (12 مارچ 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی ہدایت پر منہاج ویلفیئر کے زیر اہتمام شادیوں کی اجتماعی تقریب 19 مارچ کو ہو گی جس کے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ تقریب کے مہمان خصوصی صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین ہو نگے۔ اس کے علاوہ ممتاز سیاسی، سماجی شخصیات تقریب میں خصوصی شرکت کرینگی۔ اس ضمن میں تحریک منہاج القرآن کا اہم اجلاس ناظم MWF سید امجد علی شاہ کی صدارت میں مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤ ن میں منعقد ہوا، اجلاس میں 19مارچ اتوار کو ہونیوالی شادیوں کی اجتماعی تقریب کے انتظامات و تیاریوں کے لیے 15 انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں، سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خصوصی ہدایت پر ہونے والی شادیوں کی اجتماعی تقاریب میں اب تک سینکڑوں غریب، بے سہارا یتیم بچیاں پیار گھر سدھار چکی ہیں۔ ان خیالات کا اظہارسید امجد علی شاہ نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ غریب کی بیٹیاں ہاتھوں میں مہندی کے انتظار میں بوڑھی ہو جاتی ہیں اس اہم سماجی مسئلے کے حل کیلئے تحریک منہاج القرآن پورے ملک کے مختلف شہروں میں ضلعی سطح پر شادیوں کی اجتماعی تقاریب کا انعقاد کرتی ہے۔ جب کہ مرکزی سطح پر لاہور میں شادیوں کی اجتماعی تقریب منعقد کی جاتی ہے۔ دلہن کو ڈیڑھ لاکھ سے زائد مالیت کا سامان تحفے میں دیتے ہیں اور فی بارات 60 مہمانوں کیلئے کھانے کا اہتمام کیا جاتاہے۔ 19 مارچ کو ہونے والی شادیوں کی اجتماعی تقریب میں21 مسلم اور 2 غیر مسلم جوڑوں کی شادی بھی کرائی جائے گی۔ غیر مسلم جوڑوں کے نکاح کیلئے ان کے مذہبی رہنما موجود ہونگے جبکہ مسلم جوڑوں کے نکاح کیلئے منہاج القرآن علماء کونسل کے رہنماؤں کی خدمات حاصل کی جائینگی۔

اجلاس میں شاہد لطیف، جواد حامد، شہزاد رسول، خرم شہزاد، ایوب انصاری، شیخ آفتاب، سعید شاہ، سعید اختر و دیگر موجود تھے۔

امجد شاہ نے کہا کہ خوشی کی اس بابرکت تقریب میں معروف مذہبی، روحانی، علمی، ادبی، سیاسی، سماجی، تاجر، صحافی اور وکلاء برادری کے اہم رہنما بطور مہمان خصوصی شرکت کرینگے۔ امجد شاہ نے کہا کہ شادیوں کی اجتماعی تقریب کے انتظامات کسی طرح بھی انفرادی سطح پر ہونیوالی شادیوں سے کم نہیں ہونگے، ہر بارات کا ڈھول اور فوجی بینڈ سے استقبال کیا جائے گا، پنڈال کو برقی قمقموں اور رنگ برنگی جھنڈیوں سے سجایا جائے گا، پر وقار تقریب میں 46 خاندان ایک ہو جائینگے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top