استقبال ربیع الاول: منہاج القرآن لاہور کا 150 مقامات سے مشعل بردار جلوس نکالنے کا اعلان

10 نومبر کو واہگہ ٹاؤن، عزیز بھٹی ٹاؤن، شالیمار ٹاؤن، شاہدرہ ٹاؤن، ٹھوکر نیاز بیگ سے جلوس نکالے جائینگے
مشعل بردار جلوسوں میں لوگوں کو 35ویں عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جائیگی، اجلاس میں فیصلہ
10 نومبر سے 20 نومبر تک مشعل بردار جلوس نکالے جائینگے، منہاج یوتھ اور ایم ایس ایم کے نوجوان سیکیورٹی کرینگے
اجلاس میں جلوسوں کے روٹس، سیکیورٹی اور انتظامات و تیاریوں کا جائزہ لیا گیا، ضلعی و پی پی رہنماؤں کی اجلاس میں شرکت
منہاج القرآن لاہور کے ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے حافظ غلام فرید، اشتیاق حنیف مغل و دیگر کا خطاب

لاہور (30 اکتوبر 2018) تحریک منہاج القرآن لاہور کی ایگزیکٹوکونسل کا اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید نے کی۔ اجلاس میں ضلعی، پی پی اور تحریک منہاج القرآن لاہور کے جملہ فورمزکے عہدیدران شریک ہوئے۔ اجلاس میں استقبال ربیع الاول کے سلسلہ میں نکالے جانیوالے مشعل بردار جلوسوں کے روٹس، سیکیورٹی اور 35 ویں عالمی میلاد کانفرنس کے انتظامات و تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔

منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ استقبال ربیع الاول کے سلسلے میں پورے لاہور سے پی پی، ٹاؤنز اور یونین کونسل سطح تک ڈیڑھ سو سے زائد مقامات سے مشعل بردار جلوس نکالے جائینگے۔ درود و سلام کی صداؤں میں نکالے جانیوالے مشعل بردار جلوسوں میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں لوگ شرکت کرینگے۔ 10 نومبر کو واہگہ ٹاؤن، جلو، عزیز بھٹی ٹاؤن، شالیمار ٹاؤن، ٹھوکر نیاز بیگ، شاہدرہ ٹاؤن، سمن آباد ٹاؤن سے مشعل بردار جلوس نکالے جائینگے۔ 11 نومبر رائیونڈ، اقبال ٹاؤن، کاہنہ، نشترٹاؤن و دیگر علاقوں سے مشعل بردار جلوس نکالے جائینگے۔ 10 نومبر سے 20 نومبر تک پورے لاہور میں مشعل بردار جلوس نکالنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ماہ ربیع الاول کی آمد کی خوشی میں نکالے جانیوالے جلوسوں میں ہزاروں عشاقان مصطفی شرکت کر کے حضور اکرم ﷺ سے محبت و وفا کا اظہار کرینگے۔ حافظ غلام فرید نے کہا کہ مشعل بردار جلوس میں لوگ باو ضو ہو کر شرکت کر کے ماہ ربیع الاول کا استقبال کریں۔ جلوس میں منہاج یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے نواجون سیکیورٹی کے فرائض انجام دینگے۔ تحریک منہاج القرآن اور عوامی تحریک لاہور کے جملہ فورمز میزبان ہونگے۔ عوامی تحریک اور منہاج القرآن کے مرکزی، صوبائی و ضلعی قائدین قیادت کرینگے۔ منہاج القرآن علماء کونسل کے قائدین مشعل بردار جلوسوں میں خطابات کرینگے۔ انہوں نے کہاکہ اہلیان علاقہ، تاجر برادری دیگر سماجی، سیاسی، مذہبی رہنما جگہ جگہ شرکائے جلوس کا استقبال کرینگے اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی جائینگی۔

ناظم لاہور اشتیاق حنیف مغل نے کہا کہ مشعل بردار جلوسوں کے راستے میں خیر مقدمی بینرز لگائے جائینگے، عمارتوں پر چراغاں کیا جائیگا، دودھ اور پانی کی سبیلیں لگائی جائینگی۔ آمد ربیع الاول سے لاہور کی فضائیں آمد مصطفی مرحبا مرحبا، سیدی مرشدی یانبی یانبی اور درود و سلام سے معطر ہوجائیں گی اس سلسلے میں انتظامی کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئیں ہے، انہوں نے کہاکہ ربیع الاول کا چاند نظر آتے ہی روزانہ مغرب کی نماز کے بعد مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ضیافت میلاد کا اہتمام ہو گا۔ مرکزی سیکرٹریٹ اور گوشہ درود کی عمارت کو برقی قمقموں، رنگ برنگی لائٹوں سے سجایا جائیگا۔ مشعل بردار جلوسوں میں لوگوں کو مینار پاکستان پر ہونیوالی عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی جائیگی۔

اجلاس میں حنیف قادر، انجینئر ثناء اللہ خان، علامہ احسن اویس، رمضان ایوبی، ریحان چودھری اور دیگر صدو ر و ناظمین صوبائی حلقہ جات لاہور نے شرکت کی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top